رسائی کے لنکس

راجر فیڈرر ’بے بی فیڈرر‘ سے شکست کھا کر یو ایس اوپن سے باہر


بلغاریہ کے گریگور دی متروف جنہوں نے فیڈرر کو شکست دی
بلغاریہ کے گریگور دی متروف جنہوں نے فیڈرر کو شکست دی

راجر فیڈرر یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں بلغاریہ کے کھلاڑی گریگور دی متروف سے شکست کھانے کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

78 رینکنگ کے کھلاڑی دی متروف ’بے بی فیڈرر‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں کیونکہ ان کا کھیل فیڈرر کے کھیل سے خاصی حد تک مشابہت رکھتا ہے۔

دی متروف نے فیڈرر کو سخت مقابلے کے بعد 3-6, 6-4, 3-6, 6-4, 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ روسی کھلاڑی دینل میڈویڈوف سے جمعہ کے روز ہو گا۔

یہ دی متروف کی 20 بار گرینڈ سلیم ٹورنمنٹ جیتنے والے راجر فیڈرر کے خلاف گزشتہ 8 میچوں میں پہلی فتح ہے اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کسی کو امید نہیں تھی کہ وہ اس بار فیڈرر کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اپنی تاریخی فتح کے بعد دی متروف کا کہنا تھا کہ اگر اس میچ میں وہ پہلے دو سیٹ 6-0 اور 6-0 سے بھی ہار جاتے تو بھی ہمت نہ ہارتے اور ڈٹ کر مقابلہ جاری رکھتے۔

فیڈرر کا کہنا تھا کہ ان کیلئے یہ شکست انتہائی مایوس کن ہے کیونکہ وہ اس سے پہلے کے میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے تھے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ شکست قبول کرنا ہی ہوتی ہے کیونکہ یہ کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔

فیڈرر نے اس میچ کا آغاز انتہائی برق رفتاری سے کیا۔ لیکن، وہ میچ پر اپنی گرفت برقرار نہ رکھ سکے۔ اس میچ کا فیصلہ کن لمحہ چوتھے سیٹ میں دیکھنے میں آیا جب دی متروف نے پانچ بریک پوائنٹس میں برتری حاصل کرنے کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

دی متروف کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر وہ پوری محنت سے کھیل جاری رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم، فیڈرر آخری سیٹ میں کچھ دھیمے پڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ سیٹس کا مقابلہ ہوتا ہے اور ان سیٹس کے دوران کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

پانچویں سیٹ کے دوران 38 سالہ فیڈرر اپنی کمر کی درد کے باعث مختصر میڈیکل وقفہ لیا۔ جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو دی متروف نے زوردار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی زندگی کی اہم ترین فتح حاصل کر لی۔

XS
SM
MD
LG