رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ: پرتگال ، مراکش کوارٹر فائنل میں، اسپین اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر


فیفاورلڈ کپ میں پرتگال بمقالہ سوئٹررلینڈ۔ 6 دسمبر 2022
فیفاورلڈ کپ میں پرتگال بمقالہ سوئٹررلینڈ۔ 6 دسمبر 2022

فیفا ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگیا، کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کو چھ ایک سے ہرا کر لاسٹ ایٹ میں جگہ بنالی، تاہم شائقین فٹ بال اس وقت حیران رہ گئے جب ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے اسپین کا سفر تمام ہوا۔

2010 میں ورلڈ کپ جیتنے والی اسپین کی ٹیم مراکش کے ہاتھوں پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ ہے جس میں اسپن کی ٹیم کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے سے پہلے ہی ناک آؤٹ ہوگئی۔

ایونٹ کے ساتویں پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے مراکش کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا، لیکن مقررہ وقت کے بعد اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں گیند کو جال میں پھینکنے سے قاصر رہیں۔

میچ کے فیصلے کے لیے پنلٹی شوٹ آؤٹ تک بات پہنچی جہاں اسپین کی مایوس کن کارکردگی ان کی شکست کا سبب بنی۔2018 کے ورلڈ کپ میں بھی ہسپانوی ٹیم کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہی ایونٹ سے باہر کیا گیا تھا، اور تاریخ نے یہاں خود کو ایک مرتبہ پھر دہرایا۔

مراکش کی ٹیم نے 2010 کی چیمپئن ٹیم کے خلاف چار میں سے تین پنلٹی ککس پر گول اسکور کیے جبکہ مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے ہسپانوی کھلاڑیوں کی دو کوششوں کو روکا، جبکہ ایک کک گول پوسٹ سے لگ کر واپس آگئی۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی مراکش کی ٹیم نہ صرف پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی، بلکہ اس وقت ایونٹ میں رہ جانے والی واحد افریقی ٹیم ہے۔1990 کے بعد ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی مراکش کی ٹیم چوتھی افریقی ٹیم ہے۔

پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی

ایونٹ کے آخری پری کوارٹر فائنل میں بہت کچھ مختلف دیکھنے میں آیا، گزشتہ میچ کے دوران فیلڈ سے واپس بلائے جانے پر غصہ کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو کو پرتگال کے کوچ نے آج کے میچ میں بینچ پر بٹھا کر تمام کھلاڑیوں کو خبردار کیاکہ کوئی بھی کھیل سے بڑا نہیں ہے۔

ان کے فیصلہ پر چند مداحوں نے میچ کے آغاز میں تو اعتراض کیا لیکن جب میچ کے 17ویں منٹ میں ان کے متبادل گونسالو راموس نے میچ کا پہلا گول اسکور کیا، تو رونالڈو کے مداح تک داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

اس کے بعد 39 سالہ پیپے نے بھی میچ کادوسرا گول اسکور کرکے ٹیم کو دو صفر کی برتری دلاکر سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑیوں کو ایسے دباؤ میں ڈالا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

21 سالہ راموس نے اسٹارٹنگ لائن اپ میں ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 51ویں اور 67ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اس میگا ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ان کے تینوں گول فیلڈ گول تھے جس کی وجہ سے پرتگال کی ٹیم نے میچ کو یک طرفہ بنادیا۔

55ویں منٹ میں رافیال گریرو کے گول نے پرتگال کا اسکور پانچ صفر کردیا، جسے سوئٹزرلینڈ کے مینیول اکارنجی کے گول نے پانچ ایک میں تبدیل کردیا۔ کھیل کےاختتامی لمحات میں رافیال لیاؤکے گول نے پرتگال کی برتری کو چھ ایک میں تبدیل کرکے انہیں ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں پہنچا دیا۔

پرتگال کی اس شاندار کارکردگی کے پیچھے ان کے کوچ کا ہاتھ تھا جس نے کھیل کے آخری20 منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو کو فیلڈ پر بھیجا، جب ان کی ٹیم مخالف ٹیم کے ایک گول کے جواب میں پانچ گول اسکور کرچکی تھی۔

مبصرین کے مطابق انہیں گزشتہ میچ میں کوچ کے فیصلے پر اعتراض کی وجہ سے میچ کی اسٹارٹنگ لائن اپ میں نہیں ڈالا گیا، جس کی وجہ سے گونسالو راموس کو کھیلنے کا موقع ملا۔

اجنٹائن، برازیل یا کرویشیا، کوارٹر فائنل میں کس ٹیم کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے؟

میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیموں میں سے ایک کا تعلق افریقہ، دو کا جنوبی امریکہ اور پانچ کا یورپ سے ہے۔ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل نو دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ کروشیا اور پانچ بار کی سابق چیمپئن برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی شاندا ر رہی، البتہ ناقابل شکست رہنے کی وجہ سے کرویشیا کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دوسرے کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، لیونل میسی کی ٹیم کو پہلے ہی میچ میں سعودی عرب سے شکست ہوئی تھی جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم کو تاحال ایونٹ میں ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

تیسرا کوارٹر فائنل 10 دسمبر کو آٹھ بجے پرتگال اور مراکش کے درمیان ہوگا۔ پرتگال کی ٹیم پہلے راؤنڈ میں جنوبی کوریا سے شکست کھانے کی وجہ سے اس میچ میں زیادہ محتاط ہوکر کھیلے گی کیوں کہ اس کے مدمقابل ایک ناقابل شکست ٹیم ہوگی۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایونٹ کا آخری کوارٹر فائنل فرانس اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں دونوں سابق چیمئن ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ کے لئے مدمقابل ہوں گی۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ فرانس کی ٹیم کو ایونٹ میں تیونس کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوچکا ہے جب کہ انگلش ٹیم ناقابل شکست رہنے کی وجہ سے فیورٹ ہے۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو کھیلا جائے گا جب کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دوسرا سیمی فائنل ہوگا۔ہفتے کو سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کا تیسری پوزیشن کے لئے میچ آٹھ بجے، جبکہ فائنل ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو کھیلا جائے گا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG