رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ میں امریکہ اور آسٹریلیا کا سفر ختم، نیدر لینڈ اور ارجنٹائن کی کوارٹر فائنل تک رسائی


پانچواں ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی کے لیے یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول اسکور کیا ہے۔
پانچواں ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی کے لیے یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول اسکور کیا ہے۔

ارجنٹائن کے لیونل میسی ورلڈ کپ میں اپنی بھر پور کارکردگی دکھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ کے دوران اپنے ایک ہزار میچ مکمل کر لیے ہیں جب کہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی بار گول کرکے ہم وطن ڈیاگو میراڈونا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اپنا پانچواں ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی کے لیے یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول اسکور کیا ہو۔

ان کے اسی گول کی وجہ سے ارجنٹائن کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں برتری حاصل کی، جسے جولیان ایلواریز نے 77ویں منٹ میں گول کرکے مزید مستحکم کر دیا تھا۔

آسٹریلیا نے میچ میں واپسی کی کوشش تو بہت کی لیکن اس کا واحد گول بھی وہ گول تھا، جو ارجنٹائن کے اینزو فرنینڈیز کے پاؤں سے لگ کر گول میں گیا۔

پینتیس سالہ میسی کے کریئر کے ایک ہزار ویں میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے انہیں روکنے کی تو خوب کوشش کی لیکن ان کی پھرتی اور مہارت نے سب کو دنگ کیے رکھا۔

میچ میں شکست نے جہاں آسٹریلوی ٹیم کا سفر دوسرے مرحلے میں ختم کر دیا۔ وہیں ارجنٹائن کے لیے 169واں میچ کھیلنے والے میسی نے اس میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، جن میں سرفہرست کریئر کا 789واں اور ارجنٹائن کے لیے 94واں گول تھا۔

یوں ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹ بالر کا فٹ بال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن سے فاصلہ مزید کم ہو گیا ہے۔

اس وقت دنیا میں انٹرنیشنل اور لیگ فٹ بال میں سب سے زیادہ گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے ہیں، جن کے مجموعی گولز کی تعداد 819 ہے۔

انہوں نے اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے اب تک 1143 میچ کھیلے ہیں جب کہ دوسرا نمبر 530 میچوں میں 805 گول کرنے والے آسٹریا کے جوزف بیکان کا ہے، جنہوں نے گزشتہ صدی میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

لیونل میسی کی نہ صرف صفر عشاریہ سات آٹھ کی اوسط رونالڈو سے بہتر ہے بلکہ ان کے میچز کی تعداد بھی کم ہے۔

انہیں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مزید 17 گول اسکور کرنے ہوں گے۔

ایک اور ریکارڈ جس پر میسی کی نظر ہو گی وہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ ہے۔

اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ 23 میچز میں 9 گول اسکور کرکے ہم وطن ڈیاگو میراڈونا کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، جن کے 21 میچوں میں 8 گول تھے اور اب وہ ہم وطن گیبرئیل بیٹسٹوٹا کے 12 میچوں میں 10 گول کے ریکارڈ سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔

ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ اب بھی میروسلاو کلوزے کے پاس ہے۔ جنہوں نے 24 میچز میں جرمنی کے لیے 16 گول اسکور کیے ۔

پہلا پری کوارٹر فائنل، نیدرلینڈز اگلے مرحلے میں

ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے میچ سے قبل ایونٹ کے پہلے پری کوارٹر فائنل میں نیدر لینڈز نے امریکہ کو تین ایک سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

اس شکست سے اگلے ورلڈ کپ میں امریکہ کی شرکت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ وہ اگلے ایڈیشن کے شریک میزبان ہو گا۔

نیدر لینڈز کی ٹیم جس نے 1974، 1978 اور 2010 میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تھا جب کہ اس کی ٹیم گزشتہ ایڈیشن میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

میچ کے دسویں منٹ میں ڈچ ٹیم کے لیے پہلا گول میمفس ڈی پائے نے اسکور کیا جب کہ دوسرا گول پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ڈیلی بلنٹ نے کرکے ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

امریکہ کی جانب سے دوسرے ہاف میں مزاحمت دیکھنے کو ملی اور جب 76ویں منٹ میں حاجی رائٹ نے گول کرکے اسکور کو دو ایک کردیا تو اسٹیڈیم میں موجود امریکی شائقین کا جوش و خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔

لیکن ان کی تمام امیدوں پر صرف پانچ منٹ بعد ڈچ کھلاڑی ڈینزل ڈمفریز نے اس وقت پانی پھیر دیا جب انہوں نے میچ کا تیسرا گول اسکور کرکے ٹیم کو وہ برتری دلادی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی اور جس کی وجہ سے ڈچ ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے پہلی ٹیم بن گئی۔

دفاعی چیمپئن فرانس اور سابق چیمپئن انگلینڈ مد مقابل

اس وقت فیفا ورلڈ کپ میں دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ جن میں تین بار کی فائنلسٹ نیدرلینڈز اور دو مرتبہ کی چیمپئن ارجنٹائن شامل ہیں۔

دونوں کے درمیان کوارٹر فائنل 10 دسمبر کو کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ اس مرحلے کی باقی ٹیموں کا فیصلہ اگلے تین روز میں ہوجائے گا۔

آج کس کا سفر ختم ہوگا؟

آج کون سی دو ٹیمیں آگے جائیں گی اور کن دو کا سفر ختم ہوگا۔ اس کے لیے رات آٹھ بجے دفاعی چیمپئن فرانس اور پولینڈ کی ٹیمیں اور رات 12بجے سینیگال اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے پری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

پیر کو بھی اسی طرح دو میچ کھیلے جائیں گے، جن میں ایک میں جاپان کا مقابلہ کروشیا سے، دوسرے میں جنوبی کوریا کا پانچ مرتبہ ورلڈ کپ کا اعزاز جیتنے والی برازیل سے سامنا ہوگا۔

منگل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری دو میچ ہوں گے۔ جن کے بعد کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گا۔

ساتویں پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا جب کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG