رسائی کے لنکس

بلوچستان، پولیو کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے ٹیکوں کی مہم شروع


پولیو کے خلاف جاری جنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے پیر سے ’انجیک ٹیبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) مہم شروع کردی گئی ہے، جس کے ذریعے 4 ماہ سے 23 ماہ تک کے 2 لاکھ 39 ہزار ایک سو 99 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے لگائے جائیں گے

بلوچستان کے کو آر ڈی نیٹر برائے انسداد پولیو پروگرام، ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تین اضلاع اب بھی پولیو کے حوالے سے بہت خطرناک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ ’ہائی رسک‘ پر برقرار ہیں اور یہاں اب بھی پولیو وائرس بہت ’ایکٹیو‘ ہے۔

انہوں نے وائس آف امریکہ کے نمائندے کو بتایا کہ ان اضلاع میں پولیو کے خلاف جاری جنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے پیر سے ’انجیک ٹیبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) مہم شروع کردی گئی ہے جس کے ذریعے 4 ماہ سے 23 ماہ تک کے 2 لاکھ 39 ہزار ایک سو 99 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ڈاکٹر سیف الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پیدائش کے بعد سے 23 ماہ تک کی عمر کے بچوں میں پولیو وائرس کا شکار ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔ حالیہ 85 فیصد تک کے پولیو کیسز اسی عمر کے بچوں میں پائے گئے جس کی روک تھام کے لئے ہی صوبائی حکومت نے اپنے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر اسپیشل انسداد پولیو مہم ’انجیک ٹیبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) شروع کی ہے۔“

ان کا کہنا ہے کہ ’آئی پی وی‘ انسداد پولیو مہم 4 اپریل سے12 اپریل تک جاری رہے گی، جس کے تحت صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں ایک لاکھ پچاس ہزار آٹھ سو بیالیس، پشین میں 41 ہزار 898 جبکہ قلعہ عبداللہ میں 46 ہزار 450 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کو انجیکشن لگائے جائیں گے۔

ڈاکٹر سیف الرحمٰن کے مطابق، آئی پی وی کا دوسرا مرحلہ 13 اپریل سے 20 اپریل تک جاری رہے گا جس کے دوران قلعہ عبداللہ اور چمن میں 44ہزار 450بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

آئی پی وی انسداد پولیو مہم کے دوران 649 عارضی انسداد پولیو مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے چار ماہ سے 23 ماہ تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے لازمی لگوائیں تاکہ اس موذی مرض کے خلاف جاری جنگ جیتی جا سکے اور پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔

رواں سال اب تک بلوچستان میں پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ کوئٹہ شہر کے سمنگلی کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ سالہ محمد اکرم میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹر سیف الرحمٰن کا کہنا ہے کہ محمد اکرم کو پچھلے آئی پی وی مہم کے دوران پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے وہ اس وائرس کا شکار ہوا۔

XS
SM
MD
LG