پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جمعرات کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے کھیل کے پہلے روز چاہے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔
آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں یونس خان نے 33، محمد حفیظ نے 40، شان مسعود اور اظہر علی نے سات، سات رنز بنائے۔
میچ کے ابتدا میں پاکستان نے محتاط کھیل پیش کیا اور 12 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 38 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد تواتر سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں۔
چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا میچ لندن کے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان میں شائقین کرکٹ کو اس ٹیسٹ سیریز کا بے صبری سے انتظار تھا کیونکہ اس میں نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہونے جا رہی ہے۔
اسی گراؤنڈ میں تقریباً چھ سال قبل اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہونے پر محمد عامر کو اپنے دو دیگر ساتھی کھلاڑیوں محمد آصف اور سلمان بٹ کے ساتھ پابندی اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس نوجوان فاسٹ باؤلر کو کرکٹ کے حلقے خداداد صلاحیت کا حامل باؤلر کہتے ہیں اور اپنی غلطی کا اعتراف اور پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد مبصرین ان کے رویے میں ایک مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان کی طرف سے اسپنر یاسر شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انھیں ممنوعہ دوا کے استعمال کی پاداش میں تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈریسن ان فٹ ہونے کی وجہ سے اس میچ کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔