رسائی کے لنکس

بلوچستان: ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ، پانچ اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کوئٹہ کے قریب مارگٹ کے علاقے میں ’ایف سی‘ کی دو گاڑیاں معمول کے گشت پر تھیں کہ سڑک کے کنارے نصب دیسی ساخت کے بم سے اُنھیں نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب مارگٹ کے علاقے میں پیر کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ میں فرنٹئیر کور کے ترجمان کے مطابق مارگٹ میں ’ایف سی‘ کی دو گاڑیاں معمول کے گشت پر تھیں کہ سڑک کے کنارے نا معلوم شدت پسندوں کی جانب سے زیر زمین چھپائے گئے دیسی ساخت کے بم کے ذریعے ایک زور دار دھماکہ کیا گیا جس کی زد میں آ کر ایک گاڑی تباہ ہو گئی اور اس میں سوار آٹھ میں سے پانچ افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔

زخمیوں اور ہلاک شدگان کو کوئٹہ کے ملٹری اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے اور آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے چھوٹے صوبے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر اس سے پہلے بھی جان لیوا حملے کیے جاتے رہے ہیں۔

صرف 2015 کے دوران 45 سکیورٹی اہلکار ایسے حملوں میں ہلاک ہوئے۔ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے سٹیلائٹ ٹاﺅن میں ایک پولیو مرکز کے قریب سیکورٹی فورسز پر ہونے والے ایک خود کش حملے میں پولیس کے 13 اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG