رسائی کے لنکس

سوئٹزرلینڈ: فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک


فائرنگ کا نشانہ بننے والے گھر کے سامنے صحافی موجود ہیں
فائرنگ کا نشانہ بننے والے گھر کے سامنے صحافی موجود ہیں

علاقہ پولیس کے سربراہ مائیکل لیوپولڈ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واردات ذاتی رنجش یا گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے

سوئٹزرلینڈ کے ایک شمالی قصبے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس نے واقعے میں دہشت گردی کا امکان مسترد کردیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے تین افراد حملہ آور کے رشتے دار ہیں جس نے ہلاک شدگان کے ایک پڑوسی کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مارلی۔

حکام کے مطابق واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وورولنگن نامی قصبے میں پیش آیا۔ساڑھے چار ہزار آبادی والا یہ قصبہ معروف سوئس شہر زیورخ کے شمال مغرب میں جرمنی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔

علاقہ پولیس کے سربراہ مائیکل لیوپولڈ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واردات ذاتی رنجش یا گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے اور پولیس کو دہشت گردی کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔

پولیس افسر کے مطابق 36 سالہ حملہ آور تین بچوں کا باپ تھا جس کے بیوی اور بچوں نے اس سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

حملہ آور سوئٹزرلینڈ کے ایک دوسرے حصے کا رہائشی تھا جہاں سے وہ ہفتے کی شب وورولنگن میں واقع اپنے سسرال پہنچا اور فائرنگ کرکے اپنے سسر، ساس اور سالے کو قتل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ سن کر گھر سے باہر آنے والے اپنے سسرال کے پڑوس میں مقیم ایک 46 سالہ شخص کو بھی گولیاں مار نے کے بعد خود بھی خود کشی کرلی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی پرتشدد واقعات میں ملوث رہا ہے اور اس نے فائرنگ میں غیر قانونی ہتھیار استعمال کیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور پولیس کا سابق اہلکار تھا جس نے واردات کے دوران اپنے بیوی اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا۔

سوئٹزرلینڈ میں گزشتہ سات ماہ کے دوران اپنی نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہے جس نے اس پرامن اور سیاحوں میں مقبول ملک میں تشویش کی لہر دوڑادی ہے۔

گزشتہ ماہ سامنے آنے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں سوئٹزرلینڈ کے لوگوں کو دنیا کے سب سے خوش اور مطمئن افراد قرار دیا گیا تھا جسے سوئس ذرائع ابلاغ نے خوب مشتہر کیا تھا۔

لیکن غیر سرکاری اندازوں کے مطابق 80 لاکھ آبادی والے سوئٹزرلینڈ کا شمار دنیا کے ان چند ملکوں میں ہوتا ہے جہاں اسلحے کی بہتات ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق سوئٹزرلینڈ جیسے پرامن ملک کے شہریوں کے پاس 45 لاکھ آتشی ہتھیار موجود ہیں اور اسلحے کی فراوانی کے اعتبار سے سوئٹزرلینڈ امریکہ، یمن اور سربیا کے بعد چوتھا بڑا ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG