رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

13:06 29.8.2022

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف مسلسل سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں اور پیر کو بھی انہوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کو دورہ کیا ہے۔

وزیرِاعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ اور متاثرین سے ملاقات کے لیے شہباز شریف نوشہرہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد کا دورہ کیا تھا۔

وزیرِ اعظم کو ان دوروں کے دوران سیلاب کی صورتِ حال اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے وزیرِاعظم سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس بھی تقسیم کر رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے دورے میں شہباز شریف نے مردان پل پر دریائے کابل میں سیلابی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیا۔

13:02 29.8.2022

فرانس کے صدر کا پاکستان کے وزیرِ اعظم کو فون

فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیلی فون کال کی ہے۔

ایمانوئل میخواں کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں عوام ایک بدترین سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے سبب بے شمار لوگ لاپتا ہوئے ہیں اور ایک آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ فرانس پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ فرانس کے صدر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور مدد کی پیش کش کی ہے۔

10:40 29.8.2022

نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی سطح میں کمی، 'مزید سیلابی ریلے کا امکان نہیں'

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے کابل میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہو رہی ہے اور مزید سیلابی ریلے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق دریائے کابل میں اس وقت نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ 98 ہزار 790 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے اور پانی کی سطح میں آہستہ آہستہ کمی واقع ہو رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے چار سے پانچ گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں مزید کمی آئے گی جس کے بعد مزید سیلابی ریلا آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دو روز قبل نوشہرہ میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے نوشہرہ کلاں اور مانہ خیل کی بڑی آبادی زیر آب آگئی تھی۔

16:35 28.8.2022

سیلاب کے سبب مختلف شاہراہیں بند

موٹر ویز پولیس نے مختلف علاقوں میں سیلاب کے سبب موٹر ویزے اور ہائی ویز کے زیرِ آب ہونے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

موٹر ویز پولیس کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق جن علاقوں میں سیلاب کے سبب شاہراہیں زیر آب آنے کا اندیشہ ہے عوام ان علاقوں کا سفر نہ کریں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں قومی شاہراہ پر اضاخیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ ہے، اسی طرح موٹروے ایم-ون پر برہان تا پشاور سیلاب کے خدشات موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان میں قومی شاہراہ پر قلات سے پشین یارو سیلاب کا اندیشہ موجود ہے۔ نیشنل ہائی وے پر حب سے بیلہ اور بوستان سے دلسورا بھی سیلاب کے سبب زیرِ آب ہو سکتی ہے۔

سندھ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہ پر کنڈ یارو، مورو، سکرنڈ سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔ مٹیاری کے قریب ہٹری، میانی فاریسٹ، چلگری، باڈیرو اور کھنڈو میں سیلاب ہو سکتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG