رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

13:12 30.8.2022

پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 10 ارب ڈالرز درکار ہوں گے: احسن اقبال

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 10 ارب ڈالرز درکار ہوں گے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو دیے گئے انٹرویو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیلاب سے مواصلاتی نظام، انفراسٹرکچر، زرعی نظام، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جن کی بحالی کے لیے اربوں ڈالرز درکار ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تخمینوں سے یہ پتا چلتا ہے کہ یہ ایک بہت بڑی قدرتی آفت ہے۔ اس کے لیے شاید 10 ارب ڈالرز بھی کم پڑ جائیں۔ کیوں کہ اس سے 10 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بحالی کے کم پانچ برس لگ سکتے ہیں جب کہ اس دوران غذائی قلت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

13:11 30.8.2022

سوات کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں باغ ڈھیرئی، مدین، بحرین اور کالام کے درمیان سڑکیں بھی شدید متاثر ہیں جبکہ کالام سے اتروڑ اور گبرال کے مابین رابطہ منقطع ہے۔

12:46 30.8.2022

چین کا پاکستان کی قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی

چین نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِاعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے چینی قیادت کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی کا مظاہرہ کیا ہے۔

12:42 30.8.2022

تین گھنٹے میں پانچ ارب روپے کے عطیات پر پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں: عمران خان

پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کی گئی ٹیلی تھون میں بڑی تعداد میں عطیات کے اعلانات پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ عطیات دینے پر اہل وطن بالخصوص سمندرپار پاکستانیوں کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ''ہماری تین گھنٹے کی ٹیلی تھون میں پانچ ارب روپے کے عطیات کے اعلانات موصول ہوئے ہیں۔''

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG