رسائی کے لنکس

بھارت: ریٹیل سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری کی اجازت


بھارتی حکومت بڑے بین الاقوامی اسٹورز اور کمپنیوں کو اپنی ریٹیل مارکیٹ تک رسائی دینے پر آمادہ ہوگئی ہے ۔

بھارتی حکومت بڑے بین الاقوامی اسٹورز اور کمپنیوں کو اپنی ریٹیل مارکیٹ تک رسائی دینے پر آمادہ ہوگئی ہے ۔

جمعے کو سامنے آنے والے اس فیصلے کے بعد بین الاقوامی اور کثیر القومی کمپنیوں کو بھارت میں ایسے اسٹورز کھولنے کی اجازت مل جائے گی جو ایک ہی چھت کے نیچے ایک سے زائد برانڈز کی اشیا فروخت کرتے ہیں۔

اس اقدام کے مخالفین کا موقف رہا ہے کہ سپر اسٹورز کو بھارت کی وسیع ریٹیل مارکیٹ تک رسائی دینے کے نتیجے میں پرچون کا کاروبار کرنے والے چھوٹے دکان داروں کو نقصان ہوگا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد روزگار سے محروم ہوجائے گی۔

جب کہ اس اقدام کے حامیوں کا استدلال رہا ہے کہ ریٹیل کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے نتیجے میں یہ شعبہ جدید خطوط پر استوار ہوگا جب کہ اشیا کے معیار میں بہتری اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

بھارتی حکومت کی جانب سے جمعے کو منظور کیے جانے والے منصوبے کے تحت غیر ملکی ایئر لائنوں کو بھارت کی مقامی ایئرلائنز میں سرمایہ کاری کی اجازت بھی دیدی گئی ہے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کی شرحِ نمو بتدریج کم ہورہی ہے اور ملک میں روز افزوں مہنگائی اور کریڈٹ ریٹنگ کے استحکام سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG