کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ پوپ بینیڈکٹ 95 برس کی عمر میں ویٹی کن سٹی میں انتقال کر گئے۔
سابق پاپائے روم کا انتقال ایسے وقت میں ہوا جب پوپ فرانسس نے اپنے پیش رو کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔ ہفتے کو ویٹی کن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بڑھتی ہوئی عمر کے باعث پوپ بینیڈکٹ کی حالت بگڑ گئی ہے۔
پوپ بینیڈکٹ کی جانب سے 2013 میں عہدہ چھوڑنے کا اعلان بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن تھا۔ اُن کا اس وقت کہنا تھا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر اب اس قابل نہیں ہیں کہ وہ پو پ رہ سکیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد وہ عوامی سطح پر زیادہ متحرک نظر نہیں آئے بلکہ اُنہوں نے اپنی زندگی ویٹی کن سٹی میں ہی عبادات اور مراقبے تک محدود کر لی تھی۔
اُنہوں نے 2018 میں ایک اطالوی اخبار کو خط لکھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ "میری جسمانی قوت آہستہ آہستہ مرجھا رہی ہے اور اب وہ اپنے گھر کی جانب عازمِ سفر ہیں۔"
جرمنی میں پیدا ہونے والے سابق پوپ نے اپنی ابتدائی زندگی آسٹریا کے قریب جنوب مشرقی جرمنی میں گزاری۔
وہ دوسری جنگِ عظیم سے ایک برس قبل ایک مذہبی درس گاہ میں داخل ہوئے، لیکن بعدازاں اُنہیں جرمن فوج میں شامل کر لیا گیا۔ جہاں وہ جنگ ختم ہونے سے کچھ عرصہ پہلے تک اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ میں تعینات رہے۔
بعدازاں اُنہوں نے مذہبی علوم کی تعلیم کا سلسلہ پھر سے شروع کیا اور 1951 میں پادری بن گئے۔
دوسری ویٹی کن کونسل میں بطور مشیر خدمات سرانجام دینے کے بعد پوپ پال نے اُنہیں میونخ کا آرچ بشپ تعینات کیا۔
اُن کا شمار پوپ جان پال دوم کے قریبی مشیروں میں ہوتا تھا۔ سن 2005 میں اُنہوں نے پوپ جان پال کے انتقال پر اُن کی آخری رسومات کی قیادت کی جس کے بعد اُنہیں 265 واں پوپ منتخب کیا گیا۔
پوپ بینیڈکٹ کے دور میں بچوں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل نے سر اُٹھایا جس میں کئی پادریوں پر الزامات سامنے آئے۔ اس دوران کئی پادریوں کو برطرف کرنا اور متاثرین سے معذرت کرنا اُن کے دور کے اہم واقعات میں سے ایک تھا۔
سن 2013 میں اُن کے بٹلر پر پوپ کے دفاتر سے خفیہ اور حساس معلومات صحافیوں تک پہنچانے کا الزام بھی ثابت ہوا۔
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز'، 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔