جنوبی کوریا کے آنجہانی صدر کم ڈے جنگ کی اہلیہ آئندہ ماہ شمالی کوریا کا دورہ کریں گی۔
اس امر کی تصدیق کم فائڈویشن کے ایک عہدیدار کی طرف سے کی گئی ہے۔
92 سالہ سابق خاتون اول لی ہوہی 5 سے 8 اگست تک شمالی کوریا کا دورہ کریں گی۔ کم ڈے جنگ پیس سنٹر کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ لی اس دورے کے دوران پیانگ ینگ میں بچوں کے ایک اسپتال، میڑنٹی ہوم اور ایک نرسری کا دورہ کریں گی۔
یہ واضح نہیں کہ آیا لی شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ سے بھی ملاقات کریں گی یا نہیں۔
کم سنگ جیے جو اس دورے کی بابت شمالی کوریا کا دورہ کر کے واپس آئے ہیں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کے لیے یہ قیاس آرائی کرنا مناسب نہیں ہے کہ آیا شمالی کوریا ایسی کسی ملاقات کی اجازت دے گا یا نہیں۔
اس دورے سے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔
حال ہی میں جنوبی کوریا میں اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا فیلڈ دفتر قائم کیے جانے کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان کیشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ شمالی کوریا کی طرف سے اس کے خلاف مسلسل دھمکیوں کے باوجود یہ دفتر قائم کر دیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے کا باعث بن سکتا ہے یا نہیں اس کا انحصار کم جانگ ان اور کوریا کے سابق صدر کی اہلیہ کے درمیان ممکنہ ملاقات پر ہے۔
کوریائی ممالک کے باہمی تعلقات سے متعلق جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن کی وزارت کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کی حمایت کرتی ہے۔
گزشتہ سال کم جانگ ان نے لی کو شمالی کوریا کا دورہ کرنے کی اس وقت دعوت دی جب انہوں نے ان کی والد کی تیسری برسی کے موقع پر پھولوں کی چادر بھیجی تھی۔
یہ دورہ لی کا دسمبر 2011ء کے بعد پہلا دورہ ہو گا جب لی نے کم سے ملاقات میں ان کی والد کم جانگ ال کی وفات پر ان سے تعزیت کی تھی۔
اس دورے کی تفصیل اور وفد کے اراکین کی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔