رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں 46 مشتبہ دہشتگرد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قبائلی علاقوں میں اتوار سے اب تک ہونے والی کارروائیوں میں عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 151 ہو گئی ہے۔

پاکستان کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شوال اور گرملائی میں فضائی کارروائیوں میں 46 مشتبہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سرکاری میڈیا نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے سے کہا ہے کہ شوال کے علاقے میں 18 جبکہ گرملائی کے علاقے میں 28 شدت پسند مارے گئے۔

اتوار سے شمالی وزیرستان میں فوج کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران خیبر میں بھی بمباری کی گئی۔ اتوار کو فوج نے شمالی وزیرستان میں 40 شدت پسند مارنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ منگل کو شمالی وزیرستان میں 50 مشتبہ جنگجو اور خیبر ایجنسی میں 15 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک کرنے کا بتایا گیا۔

قبائلی علاقوں میں اتوار سے اب تک ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 151 ہو گئی ہے۔

فوج نے گزشتہ سال جون میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا تھا جس کے بعد خیبر ایجنسی میں بھی ’خیبر ون‘ اور ’خیبر ٹو‘ کے نام سے آپریشن کیے گئے۔

فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے بیشتر علاقے کو شدت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے مگر شوال اور دتہ خیل کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں اب بھی شدت پسندوں کے ٹھکانے موجود ہیں۔

اتوار سے جاری تازہ فضائی کارروائیوں میں انہی علاقوں میں چھپے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔

XS
SM
MD
LG