رسائی کے لنکس

بنکاک کے فٹ پاتھ میں نصب ساڑھے چھ کروڑ سال قدیم سمندری مخلوق کی باقیات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھائی لینڈ میں ایک شاپنگ سینٹر کے باہر فٹ پاتھ کی مرمت کے دوران کاریگروں نے اس کی خوب صورتی کے لیے سمندری سیپیاں اور دیگر اشیا نصب کی تھیں۔ اب ان میں سمندری مخلوق کی کچھ باقیات کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ کروڑوں سال قدیم ہیں۔

تھائی لینڈ کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ بنکاک میں فٹ پاتھ میں نصب کی گئی سمندری مخلوق کی باقیات لگ بھگ چھ کروڑ 60 لاکھ برس قدیم ہیں۔

بنکاک کے قریب ہی سیام اسکوائر سیاحوں کے پسندیدہ مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں سڑک کنارے چلتے ہوئے زمین میں نصب گونگے نما سمندری مخلوق کی باقیات راہ گیروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہیں۔ فٹ پاتھ میں لگی یہ باقیات لگ بھگ پانچ انچ طویل ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تھائی لینڈ کی وزارتِ قدرتی وسائل اور ماحولیات سے منسلک پلانٹیولوجی کے ماہرین نے اس حوالے سے تحقیق کی اور اس مقام پر فٹ پاتھ میں لگ بھگ 70 کے قریب مختلف قدیم سمندری مخلوق ’ایمونائٹ‘ کی باقیات کی نشاندہی کی۔

وزارتِ قدرتی وسائل اور ماحولیات کے ڈائریکٹر پریچا سیتھونگ کا کہنا تھا کہ ’ایمونائٹس‘ وہ سمندری مخلوق تھی جس کا لگ بھگ چھ کروڑ 60 سال قبل خاتمہ ہو گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمونائٹس حقیقت میں موجودتھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ باقیات تھائی لینڈ میں عمومی طور پر سامنے آنے والی باقیات کے مقابلے میں مختلف ہیں۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جس فٹ پاتھ میں قدیم سمندری مخلوق کی باقیات لگائی گئی ہیں اس کی دو برس قبل مرمت کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق فٹ پاتھ میں کنکریٹ میں یہ باقیات بطور آرائش لگائی گئی ہوں گی، تاہم اس حوالے سے اطلاعات موجود نہیں ہیں کہ باقیات لگانے والوں کو یہ علم تھا یا نہیں کہ یہ قدیم سمندری مخلوق کی باقیات ہیں۔

واضح رہےکہ جس قدیم سمندری مخلوق کی باقیات فٹ پاتھ میں نصب ہیں اس کے فن پارے بطور یادگار مختلف سیاحتی مقامات پر فروخت ہوتے ہیں جن میں مڈغاسکر اور مراکش بھی شامل ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG