رسائی کے لنکس

میلبورن ٹیسٹ کا چوتھا روز، آسٹریلیا 2 وکٹوں پر 103 رنز


کک نے ناقابلِ شکست 244 رنز بناکر بیٹ کیری کیا۔ تقریباً 20 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ کے کسی اوپنر نے بیٹ کیری کیا۔

ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں دو کٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنالیے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر 40 اور اسمتھ 25 رنزپر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم آج اسکور میں کوئی بھی اضافہ کیے بغیر 491 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں اس نے آسٹریلیا کے خلاف 164 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

کک نے ناقابلِ شکست 244 رنز بناکر بیٹ کیری کیا۔ تقریباً 20 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ کے کسی اوپنر نے بیٹ کیری کیا۔

آخری مرتبہ 1997ء میں انگلینڈ کے مائیکل ایتھرٹن نے نیوزی لینڈ کے خلاف 94 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ کک کے 244 رنز بیٹ کیری کرنے والے اوپنرز میں سب سے زیادہ ہیں۔

آسٹریلیا نے 164 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو 51 کے مجموعی اسکور پر اسے بین کرافٹ کی وکٹ کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ عثمان خواجہ صرف 11رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وارنر اور کپتان اسمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست شراکت میں 38 رنز بناکر اسکور 103رنز تک پہنچادیا۔

اس موقع پر بارش کے باعث تیسرے سیشن کا کھیل ممکن نہ ہوسکا اور امپائر نے چوتھے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹیں گنوا کر 103رنز بنالیے تھے۔ وارنر 40 اور اسمتھ 25 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کو انگلینڈ کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 61 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

XS
SM
MD
LG