رسائی کے لنکس

فرانس پناہ گزینوں کا ایک کیمپ بند کر دے گا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فرانس کے ساحلی شہر کلے میں واقع اس کیمپ میں سات ہزار سے دس ہزار تارکین وطن مقیم ہیں۔

فرانس کے صدر فرانسواں اولاند نے پناہ گزینوں کے لیے قائم ایک کیمپ کو رواں سال کے اواخر میں بند کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

فرانس کے ساحلی شہر کلے میں واقع اس کیمپ میں سات ہزار سے دس ہزار تارکین وطن مقیم ہیں۔

پیر کو اس کیمپ کے دورے کے دوران فرانسیسی صدر نے کہا کہ پناہ گزینوں کے اس کیمپ کو یقینی طور بند کر دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مقیم افراد کو فرانس کے دیگر علاقوں میں قائم مراکز میں منتقل کر دیا جائے گا تاکہ وہ پناہ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

اس موقع پر فرانس کے صدر نے برطانیہ سے بھی کہا کہ وہ بھی نئے آنے والے تارکین وطن کو مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اولاند نے کہا کہ "میں یہ ضرور چاہوں گا کہ برطانوی حکام انسانی ہمدردی کی کوشش میں ہاتھ بٹائیں جو فرانس (کلے) میں کر رہا ہے۔"

اولاند کا تارکین وطن کے اس کیمپ کا پہلا دورہ تھا جہاں افغانستان اور سوڈان سے ہجرت کر کے آنے والے افراد مقیم ہیں۔

فرانس کے صدر نے کہا کہ "ہم اس معاملے کو طے کرنے کے قریب ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ کو بند کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ فرانس کی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

فرانس کے عہدیدار ان تارکین وطن کو موسم سرما سے پہلے ملک کے دیگر حصوں میں ان کے لیے قائم 164 مراکز میں منتقل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG