رسائی کے لنکس

ایران میں زیر حراست فرانسیسی کو پانچ سال قید کی سزا


فرانسیسی شہری لوئس ارناڈ کی یہ تصویر اس کے خاندان نے 26 جنوری 2023 کو جاری کی تھی۔
فرانسیسی شہری لوئس ارناڈ کی یہ تصویر اس کے خاندان نے 26 جنوری 2023 کو جاری کی تھی۔

فرانس نے ایک ایرانی عدالت کی طرف سے ایک فرانسیسی شہری کو پانچ سال قید کی سزا سنانے کی مذمت کی ہے۔

سزا پانے والے شخص کا نام لوئس ارناڈ ہے ، جو بینکاری امور کا ایک ماہر ہے۔ وہ گزشتہ ایک سال سے پہلے ہی اوین جیل میں بند ہے۔ اس پر قومی سلامتی سے منسلک الزامات پر مقدمہ چلایا گیا تھا۔

ارناڈ کے خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انقلابی عدالت کی طرف سے ارناڈ پر لگائے جانے والے الزامات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی غرض سے پراپیگنڈا کرنا بھی شامل ہے۔

بیان میں ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ارناڈ سفر کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔وہ ایران میں قیام کے دوران کبھی بھی وہاں کی سیاسی تحریکوں میں شریک نہیں ہوا۔

ارناڈ کے خاندان نے مزید کہا ہے کہ اس نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔

ایران میں زیرحراست فرانسیسی شہریوں کی رہائی کے لیے پیرس میں مظاہرہ۔ 28 جنوری 2023
ایران میں زیرحراست فرانسیسی شہریوں کی رہائی کے لیے پیرس میں مظاہرہ۔ 28 جنوری 2023

فرانس کی وزارت خارجہ نے فوری طور پر اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سزا ناقابل قبول ہے اور یہ کہ اس فیصلے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ہے مزید یہ کہ ارناڈ کو وکیل تک رسائی بھی نہیں دی گئی تھی۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ارناڈ سمیت ایران میں زیر حراست تمام فرانسیسیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ایران نے اس سزا کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی ایرانی میڈیا نے عدالتی فیصلے کے بارے میں کوئی خبر جاری کی ہے۔

ارناڈ کے علاوہ تین مزید فرانسیسی شہری اس وقت ایران میں قید ہیں جن میں ایک خاتون ٹیچر سیسیل کوہلر اور ان کے ساتھی جیک پیرس ہیں جب کہ تیسرے فرانسیسی کی شناخت ان کے پہلے نام اولیور سے ظاہر ہوئی ہے۔

ایران میں زیر حراست فرانسیسی شہری لوئیس ارناڈ کی رہائی کے لیے سرگرم کارکنوں کا پیرس میں مظاہرہ۔ 30 ستمبر 2023
ایران میں زیر حراست فرانسیسی شہری لوئیس ارناڈ کی رہائی کے لیے سرگرم کارکنوں کا پیرس میں مظاہرہ۔ 30 ستمبر 2023

فرانس کا کہناہے کہ ایران کی طرف سے فرانس کے شہریوں کو پکڑنا انہیں یرغمال بنانے کے مترادف ہے۔

اس سے قبل ایران نے فرانسیسی قیدیوں برنارڈ فیلان جن کے پاس آئرش شہریت بھی ہے اور بنجمن بریر کو، مئی میں ان کی جانب سے بھوک ہڑتال کے بعد صحت خراب ہونے پر رہا کر دیا تھا۔ جب کہ ایک ایرانی نژاد فرانسیسی ماہر تعلیم فریبہ عدلخہ ساڑھے چار سال تک ایران میں روکے جانے بعد اکتوبر میں واپس پیرس چلی گئی تھیں۔

ایران نے کئی دوسرے قیدیوں کو بھی رہا کیا ہے، جن میں ایک معاہدے کے ذریعے پانچ امریکیوں کی رہائی بھی شامل ہے، اس معاہدے کے تحت اربوں ڈالر کے ایرانی فنڈز جاری کیے گئے جو جنوبی کوریا کے ایک بنک میں منجمد کیے گئے تھے۔

(وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG