رسائی کے لنکس

امریکہ کی کن ریاستوں میں ورکرز سب سے زیادہ خوش ہیں؟


میریام لز کا کہنا ہے کہ اگر  آپ ایک با معنی اور با مقصد زندگی گزار رہے ہیں تو آپ کو حقیقی اطمینان اور خوشی کا تجربہ ہوگا۔ (فائل فوٹو)
میریام لز کا کہنا ہے کہ اگر  آپ ایک با معنی اور با مقصد زندگی گزار رہے ہیں تو آپ کو حقیقی اطمینان اور خوشی کا تجربہ ہوگا۔ (فائل فوٹو)

امریکہ جیسے وسیع و عریض ملک میں ایک سمت سے دوسری طرف سفر کرتے ہوئے موسم، جغرافیہ، سیاسی رجحانات بھی تبدیل ہوتے جاتے ہیں حتیٰ کہ ٹائم زونز بھی بدل جاتے ہیں۔

ان حالات میں اس بات کا اندازہ لگانا کہ کس ریاست میں کون اپنی ملازمت سے کتنا مطمئن ہے؟ ایک انتہائی مشکل مرحلہ ہے جسے افرادی قوت سے متعلق تحقیق کرنے والے پلیٹ فورم ’سلیکٹ سافٹ ویئر ریویو‘ نے آسان بنا دیا ہے۔

اس پلیٹ فورم کے محققین نے مختلف امریکی ریاستوں میں ورکرز کے مطمئن ہونے سے متعلق درجہ بندی کے لیے مختلف پہلوؤں سے ڈیٹا کا جائزہ لیا ہے۔

محققین نے ورکرز کے اطمینان اور خوشی سے متعلق ان میں جن پہلوؤں سے معلومات کا جائزہ لیا ہے ان میں اجرت، ملازمتیں چھوڑنے کی شرح، کام کے لیے سفر کے دورانیے، کام کے لیے اوسط گھنٹے، کام کے دوران زخمی ہونے جیسے واقعات اور ادائیگیوں کے ساتھ چھٹی دینے جیسے پیمانے رکھے گئے تھے۔

سب سے خوش ورکر

سلیکٹ سافٹ وئیر ری ویو کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاستوں میں الاسکا کے ورکرز سب سے زیادہ مطمئن اور خوش ہیں۔

الاسکا میں ورکرز کو ہفتے میں اوسطاً 31.3 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ یہاں سالانہ اوسط تنخواہیں 52 ہزار ڈالر ہیں اور 100 کے پیمانے پر یہاں کے ورکرز 69.96 درجے تک اپنے کام سے خوش ہیں۔

ورجینیا کی یونیورسٹی آف میری واشنگٹن کے شعبہ نفسیات کی پروفیسر میریام لز کے مطابق اپنے کام سے مطمئن ہونے کا کسی بھی فرد کے عمومی مزاج سے بہت گہرا تعلق ہے۔

میریام لز کے مطابق اطمینان بخش روزگار ورکر کی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے اپنے کام کو زیادہ بامعنی بناتی ہے۔

میریام لز کا کہنا ہے کہ اگر آپ ایک با معنی اور با مقصد زندگی گزار رہے ہیں تو آپ کو حقیقی اطمینان اور خوشی کا تجربہ ہو گا۔

کہاں ورکر مطمئن نہیں؟

رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وہ ریاستیں جن کے ورکر بہت مطمئن ہیں ان میں روڈ آئی لینڈ، نارتھ ڈکوٹا، کولوراڈو اور منی سوٹا شامل ہیں۔

ورکرز کے مطمئن ہونے کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آنے والی ریاست روڈ آئی لینڈ میں ملازمین کی کام چھوڑنے اور کام کے دوران زخمی ہونے کی شرح سب سے کم ہے۔ تیسرے نمبر پر آنے والی ریاست نارتھ ڈکوٹا میں اوسط اجرت 47 ہزار 400 ڈالر سالانہ ہے جب کہ یہاں ملازمت کے لیے کام کی جگہ پر پہنچنے کے لیے 17.6 منٹ سفر کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریاست جارجیا، ٹیکساس، فلوریڈا، ساؤتھ کیرولائنا اور نیویارک میں کام کرنے والے سب سے زیادہ غیر مطمئن ہیں۔
’سلیکٹ سافٹ ویئر ریویو‘ کی بنائے گئے پیمانوں کے مطابق جارجیا کے ورکرز نے سب سے زیادہ عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریاست کا مجموعی اسکور 29.62 رہا۔

ٹیکساس میں ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اوسط یعنی 43.6 گھنٹے کام کرایا جاتا ہے۔ فلوریڈا میں فی گھٹنہ اوسط اجرت 18 ڈالر ہے جب کہ الاسکا میں فی گھنٹہ اوسط اجرت 32 ڈالر ہے۔ آمدن کے اعتبار سے موازنہ کیا جائے تو ساؤتھ کیرولائنا کے ورکرز الاسکا کے مقابلے میں ہر سال 13 ہزار ڈالر کم کماتے ہیں۔

’معاشی تنگی آزادی چھین لیتی ہے‘

ماہرِ نفسیات میریام لز کے مطابق غربت میں کوئی بھی شخص یقینی طور پر ناخوش ہوتا ہے کیوں کہ معاشی تنگی کی صورت میں آپ اپنی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر پاتے۔ آپ ایسی زندگی نہیں گزار رہے ہوتے جس سے آپ کو با اختیار ہونے اور اپنی مرضی سے چیزوں کا انتخاب کرنے کی آزادی حاصل نہیں ہوتی۔

نیویارک میں کام کرنے کے لیے سب سے زیادہ سفر کرنا پڑتا ہے اور یہ ناخوش ورکرز والی ریاستوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔

’سلیکٹ سافٹ ویئر ریویو‘ کے مطابق اس کی رپورٹ کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ محل وقوع، ریاستی قوانین، سفر کا دورانیہ اور اجرت جیسے محرکات کس طرح کسی بھی ریاست میں کرنے والے ورکرز کے سوچنے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ ورکرز کے لیے ایسا ماحول بنایا جائے جس میں انہیں حقیقی خوشی اور اطمینان کا احساس ہو۔

یہ خبر وائس آف امریکہ کے لیے ڈورا میکوار کی رپورٹ سے ماخوذ ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG