دس برس تک ٹیلی ویژن پر راج کرنے والے مشہور امریکی سٹ کام 'فرینڈز' سے شہرت پانے والے اداکار جیمز مائیکل ٹائیلر 59 برس کی عمر میں اپنے مداحوں اور 'فرینڈز' کو افسردہ چھوڑ گئے۔
رواں برس نشر ہونے والی 'فرینڈز ری یونین' میں مختصر جھلک دکھانے والے جیمز مائیکل ٹائیلر گزشتہ کئی برسوں سے پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا تھے۔
سن 1962 میں امریکہ کی ریاست مسیسیپی میں پیدا ہونے والے جیمز مائیکل ٹائیلر نے 1987 میں جارجیا یونیورسٹی سے فائن آرٹس میں ڈگری حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔
جیمز مائیکل 1994 میں شروع ہونے والے 'فرینڈز' کے پہلے سیزن میں جلوہ گر ہونے کے بعد دسویں سیزن تک اس شو کی 236 میں سے 148 اقساط میں نظر آئے۔
امریکی اداکار نے 'فرینڈز' میں 'گنتھر' کا کردار ادا کیا تھا جو خوب مقبول ہوا۔
'فرینڈز' کی کہانی چھ دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو فارغ اوقات میں 'سینٹرل پرک' نامی کافی شاپ میں بیٹھتے تھے۔ اسی کافی شاپ میں جیمز مائیکل ٹائیلر کا کردار 'گنتھر' ان دوستوں کو کافی بنا کر پیش کرتا تھا۔
گنتھر کو پہلی نظر میں اس گروپ کی سب سے حسین لڑکی ریچل (جنیفر اینسٹن) سے محبت ہو جاتی ہے لیکن وہ اس کا اظہار نہیں کر پاتے۔
گنتھر دس برس تک اپنی محبت چھپا کر رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کا کردار اتنا مقبول ہوا کہ انہیں 'فرینڈز' کا ساتواں دوست مانا جانے لگا تھا۔
جیمز مائیکل ٹائیلر اپنے آخری ایام میں ویل چیئر تک محدود ہونے کے باوجود بھی صحت یابی کے لیے پُرامید تھے اور انہوں نے 'فرینڈز ری یونین' کی ریلیز تک اپنی بیماری کو راز ہی رکھا تھا۔
اداکار کے انتقال پر جہاں ان کے لاکھوں مداح افسردہ ہیں وہیں 'فرینڈز' کی کاسٹ نے بھی ان کے ساتھ گزارے لمحات کو یادگار قرار دیا ہے۔
ریچل کا کردار ادا کرنے والی جنیفر اینسٹن نے اپنے انسٹاگرام پر جیمز مائیکل ٹائیلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ گنتھر کے بغیر 'فرینڈز' کا تصور ناممکن تھا۔
مونیکا کے کردار سے مشہور ہونے والے کورٹنی کوکس نے بھی جیمز مائیکل ٹائیلر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
'فرینڈز' میں فیبی بونے بننے والی اداکارہ لیزا کوڈرو اور جوئی کے کردار سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جانے والے میٹ لی بلانک نے بھی'گنتھر' کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سٹ کام میں میتھیو پیری کی گرل فرینڈ جینس کا کردار ادا کرنے والی میگی ویلر نے بھی جیمز مائیکل ٹائیلر کو ایک اچھا دوست اور انسان قرار دیا۔