اگر آپ نے موسمی پھلوں کی ست رنگی بہار دیکھنی ہو تو کراچی کی فروٹ مارکیٹس چلے آیئے جہاں پھلوں کی بہار آئی ہوئی ہے۔
کیلا، لوکاٹ، انناس، آم ، شہتوت، خربوزہ، تربوز، سنترہ، فالسہ، چیری، کھجور، ناریل۔۔ اور کئی دیگر رس دار پھلوں سے ریڑیاں، ٹھیلے، دکانیں، جمعہ و ہفتہ بازار اور مارکیٹیں ’ابلی ‘پڑ رہی ہیں۔
پھلوں کے شوقین لوگ اور عام خریدار شام کے اوقات میں اور خاص کر چھٹی کے دن جوق در جوق ان مارکیٹس کا رخ کرتے ہیں ۔ یہاں کے خریداروں اور دکان داروں دونوں کا مزاح مختلف ہوتا ہے۔
خریدار کم سے کم خرچ اور دکان دار زیادہ سے زیاد ہ منافع کے لئے سودے بازی یعنی بارگینگ کرتے ہیں۔۔۔
آتے جاتے خریداروں کو بھاؤ بتابتا کر اور آوازیں لگا لگا بلایا جاتا ہے۔ ’اتنے لے لو ‘۔۔’اتنے نہیں دوں گا ‘کی تکرار دیر تک جاری رہتی ہے پھر کہیں جاکر سودے ’پٹنے ‘ہیں۔