رسائی کے لنکس

جاپان: متاثرہ بجلی گھر کی تابکاری جانوروں کے لیے خطرہ


ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس کے زلزلے اور سونامی سے تباہ ہونے والے جاپان کے جوہری بجلی گھر سے خارج ہونے والی تابکاری گرد و نواح کے جانوروں کو متاثر کر رہی ہے۔

ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس کے زلزلے اورسونامی سے تباہ ہونے والے جاپان کے جوہری بجلی گھر سے خارج ہونے والی تابکاری گرد و نواح کے جانوروں کو متاثر کر رہی ہے۔

یہ انکشاف سائنس دانوں کے ایک گروہ نے 'فوکوشیما' نامی متاثرہ بجلی گھر کے مضافات میں کی گئی ایک تحقیق کے بعد کیا ہے۔

سائنس دانوں کے اس گروپ نے جوہری بجلی گھر کے نزدیک سات مختلف مقامات سے تتلیاں پکڑیں جن میں سے 12 فی صد سے زائد تتلیوں میں جسمانی معذوری اور خرابی کے شواہد ملے۔

سائنس دانوں کے مطابق پکڑی گئی تتلیاں نامکمل پیر یا ان میں نقص، آنکھوں کی خرابی اور پروں کی نامکمل یا ناقص بناوٹ جیسی معذوریوں کا شکار تھیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ باوجودیکہ تابکاری سے متاثرہ تتلیوں کو لیبارٹری میں صحت مند تتلیوں کے ساتھ افزائشی عمل سے گزارا گیا، لیکن اس کے باوجود ان کی اگلی نسل میں اعضا کی غیر معمولی بناوٹ یا ان کا نقص 18 فی صد تک بڑھ گیا۔

سائنس دانوں کے مطابق اس تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ تابکاری کے اثرات کئی نسلوں تک جاری رہ سکتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ حادثے کے چھ ماہ بعد تتلیوں میں یہ غیر معمولی جسمانی معذوریاں دگنی حد تک بڑھی ہوئی پائی گئی تھیں۔

تحقیقی ٹیم نے اس موضوع پر مزید تحقیق کرنے پر زور دیا ہے کہ تابکاری سے متاثر ہونے والے پودے اور گھاس کھانے کے جانوروں پر کیا ممکنہ اثرات ہوسکتے ہیں۔

تاہم، تحقیقی ٹیم میں شامل ایک سائنس دان جوجی اوٹاکی نے جاپان کے ایک مقامی روزنامے سے گفتگو میں اس تاثر کی نفی کی ہے کہ بجلی گھر سے خارج ہونے والی تابکاری کے نتیجے میں انسانوں میں بھی اس نوعیت کی پیچیدگیاں اور معذوریاں ظاہر ہوسکتی ہیں۔

سائنس دان کا کہنا ہے کہ انسان تتلیوں سے مکمل طور پر مختلف ہیں اور چوں کہ ان میں تابکاری کے خلاف قوتِ مزاحمت زیادہ ہوتی ہے لہذا انہیں اس بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
XS
SM
MD
LG