رسائی کے لنکس

کراچی: پی ایس ایل فائنل کے لیے سکیورٹی ریہرسل، ماہرین مطمئن


سیکورٹی ماہر رگ ڈیکاسن
سیکورٹی ماہر رگ ڈیکاسن

’سیکورٹی انتظامات حوصلہ افزا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں ، رپورٹ سات دن کے اندر آئی سی سی کو بھیجیں گے‘، غیر ملکی ماہر

کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کی اتوار کو فل ڈریس سیکورٹی ریہرسل ہوئی۔ پاکستان آئے ہوئے سیکورٹی ماہرین نے ریہرسل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ سات دن بعد جاری کی جائے گی۔

سیکورٹی انتظامات کے مکمل جائزے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن سے وابستہ سیکورٹی ماہر رگ ڈیکاسن نے پریس کانفرنس بھی کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’سیکورٹی انتظامات حوصلہ افزا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں اور اپنی رپورٹ اندرون سات یوم آئی سی سی کو بھیجیں گے۔

سیکورٹی ریہرسل اور پریس کانفرنس کے موقع پر سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ رگ ڈیکاسن بھی سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔ ایک اور سیکورٹی ماہر بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس بھی سیکورٹی انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔

رگ ڈیکاسن ہفتے کو پاکستان پہنچے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لئے باقاعدہ تین سال کا معاہدہ کیا ہوا ہے۔ پی سی بی کے براڈ کاسٹر سن سیٹ اینڈ وائن کے سیکورٹی کنسلٹنٹ بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس بھی پاکستان کے دورے پر ہیں۔

پی ایس ایل فائنل کے لئے فل ڈریس ریہرسل کراچی ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے نیشنل اسٹیڈیم تک کی گئی۔ یہی سیکورٹی اقدامات غیرملکی کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے کے وقت اپنائے جائیں گے۔

سیکورٹی کی غرض سے اسٹیڈیم میں کئی درجن کیمرے لگائے گئے ہیں۔ یہ کیمرے اندھیرے میں بھی ریکارڈنگ جاری رکھیں گے ۔ ایک جدید ماسٹر کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے ۔

کنٹرول روم کے انچارج قیصر عباس کے مطابق ہر گیٹ پر سیکورٹی کیمرہ نصب کیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم میں قائم کیا جانے والا کنٹرول روم انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ کنٹرول روم سے اسٹیدیم میں بیٹھے ہر شخص یہاں تک کہ اسٹیڈیم کے قریب یا باہر سے گزرتی ہر گاڑی کو مانیٹر کیا جائے گا۔

فائنل کے وقت سیکورٹی کی ذمہ داری پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی ادارے انجام دیں گے۔ میچ کے دوران سیکورٹی کے لیے سول ایوی ایشن سے دو ہیلی کاپٹر بھی طلب کئے گئے ہیں جنہوں نے اتوار کو ریہرسل میں حصہ لیا۔

اس سے ایک روز قبل ہفتے کو بھی ایک ریہرسل کی گئی جس میں ائیرپورٹ سے ستائس سیکورٹی گاڑیوں کا قافلہ ہوٹل کیلئے روانہ ہوا تھا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں بھی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے پی سی بی کے سیکورٹی منیجر کرنل اعظم کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ نے میڈیا کو بتایا کہ فائنل کے موقع پر آٹھ ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG