رسائی کے لنکس

لیبیا کے عوام نو فلائی زون کی مزاحمت کریں گے: قذافی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے کہا ہے کہ اگر مغربی حکومتوں نے ملک میں نو فلائی زون عائد کرنے کی کوشش کی تو عوام اُن کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں گے۔

ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن ’ٹی آر ٹی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں جو بدھ کو نشر کیا گیا، مسٹر قذافی کا کہنا تھا کہ ایسے کسی اقدام سے لیبیا کے عوام پر یہ بات واضح ہو جائے گی کہ مغربی ملکوں کا اصل ارادہ لیبیا کے تیل کے زخائر پر قبضہ کرنا ہے۔

لیبیا کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے ایک الگ بیان میں معمر قذافی نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اُن کی حکومت کے خلاف بغاوت کے پیچھے غیر ملکی عناصر کا ہاتھ ہے۔ اُنھوں نے یہ بات زینتان کے علاقے میں لوگوں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مسٹر قذافی نے دعویٰ کیا کہ افغانستان، الجزائر، مصر اور فلسطین سے تعلق رکھنے والے عناصر لیبیا میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے ذمہ دار ہیں۔

اُدھر باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے مسٹر قزافی کی حامی فوج نے مزید کارروائیاں کی ہیں۔ دارالحکومت طرابلس سے 50 کلو میٹر مغرب میں زاویہ شہر کے رہائشیوں نے منگل کو علاقے میں شدید گولہ باری کی اطلاع دی ہے۔

زاویہ میں باغی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے حملوں میں درجنوں افراد ہلاک اور مزید سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ شہر میں بجلی، ٹیلی فون اور انٹر نیٹ کی سہولتیں معطل کر دی گئی ہیں۔

مشرقی لیبیا میں راس لانوف شہر میں لڑاکا طیاروں کے ذریعے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم منگل کو دیر گئے تک باغیوں کا دعویٰ تھا کہ یہ علاقہ اُن کے کنٹرول میں ہے۔

XS
SM
MD
LG