رسائی کے لنکس

امریکی دفاعی بجٹ میں کٹوتیاں احتیاط سے کی جائیں، امریکی وزیرِدفاع


امریکی دفاعی بجٹ میں کٹوتیاں احتیاط سے کی جائیں، امریکی وزیرِدفاع
امریکی دفاعی بجٹ میں کٹوتیاں احتیاط سے کی جائیں، امریکی وزیرِدفاع

امریکی وزیرِدفاع رابرٹ گیٹس نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی دفاعی بجٹ میں ایسی اسٹریٹجک کٹوتیوں کی حمایت کرے جس سے امریکی فوج کی قوم کو درپیش خطرات سے مقابلہ کی صلاحیت برقرار رہے۔

بدھ کے روز امریکی سینیٹ کی بجٹ سے متعلق سب کمیٹی کے روبرو بیانِ حلفی دیتے ہوئے امریکی وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ اگرچہ معاشی دبائو ایک مختصر فوج رکھنے پر مجبور کر رہا ہے تاہم یہ زیادہ اہم ہے کہ امریکہ ایک ایسی فوج کو برقرار رکھے جو قومی سلامتی کو درپیش سنگین تقاضوں سے نبردآزما ہونے کی اہل ہو۔

سیکریٹری ڈیفنس نے امریکی دفاعی بجٹ میں ایسی کٹوتیوں کی مخالفت کی جو ان کے بقول فوج کو مناسب تربیت، اسلحہ اور افرادی قوت سے محروم کرکے اسے اندر سے کھوکھلا کردیں ۔

امریکی افواج کے سربراہ ایڈمرل مائک مولن نے بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر دفاعی بجٹ سے متعلق وزیرِدفاع کے موقف کی تائید کی۔

امریکی صدر براک اوباما نے امریکہ کے بڑھتے ہوئے مالی خسارہ پر قابو پانے کی غرض سے ملکی سلامتی سے متعلق بجٹ میں 400 ارب ڈالرز کی اضافی کٹوتیوں کا عندیہ دیا ہے۔

بدھ کے روز ہونے والی سماعت میں شرکت کیلیے رابرٹ گیٹس کا 'کیپٹل ہِل' کا یہ دورہ ان کی بطورِ وزیرِدفاع امریکی کانگریس میں آخری آمد تھی۔ رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے دستبردار ہونے والے رابرٹ گیٹس نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ ساڑھے چار برس تک امریکی وزیرِ دفاع کی حیثیت سے ذمہ داریوں کی انجام دہی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔

گیٹس کے ہمراہ کمیٹی کے سامنے اپنا بیانِ حلفی دیتے ہوئے امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کو گزشتہ ایک دہائی سے جاری جنگ کے اثرات سے نبٹنے میں امریکی فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مدد فراہم کرنے کیلیے بھی فنڈز درکار ہیں۔ ان کے اس بیان کے متعلق قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ان کا اشارہ رہائش اور صحت کی سہولیات میں سرمایہ کاری کی طرف تھا۔

ایڈمرل مولن نے پاکستان اور مصر جیسے ممالک کو فراہم کی جانے والی امریکی فوجی امداد میں کسی تبدیلی کی بھی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بھی تبدیلی عوامی جذبات یا بچت کے فوری تقاضوں کے برعکس "انتہا درجہ کی احتیاط" اور مستقبل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھ کر کی جانی چاہیے۔

XS
SM
MD
LG