رسائی کے لنکس

آئندہ 15 سالوں میں غربت میں کمی ہو گی: گیٹس فاؤنڈیشن


گیٹس فاؤنڈیشن ملیریا کے خاتمے کے لیے بھی کام کررہی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس بیماری پر 15 سالوں میں بھی پوری طرح قابو پانے کا ہدف حاصل کرنا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

دنیا کی ایک بڑی غیر سرکاری فلاحی تنظیم 'گیٹس فاؤنڈیشن' کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 سالوں میں دنیا میں غربت میں شرح میں اس حد تک کمی ہو جائے گی جو کہ اس سے پہلے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔

یہ انکشاف گیٹس فاؤنڈیشن کے روح رواں بل اور ملینڈا گیٹس نے ایک خط میں اپنی تنظیم کے آئندہ کے لائحہ عمل کا خاکہ جاری کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ آئندہ 15 سالوں میں پولیو سمیت تین دیگر بیماریوں کا بھی دنیا سے خاتمہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افریقہ میں گزشتہ چھ ماہ میں پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا جب کہ اس وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پاکستان میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان کے بقول پاکستانی کی حکومت نے "یہ جانتے ہوئے کہ وہ ہی (پولیو وائرس سے سب زیادہ متاثر ہونے والا ملک) ہے اور ساری توجہ ان پر ہے، پولیو کے خلاف کوششوں کو مزید تیز کیا ہے۔"

42 ارب ڈالرز کی گیٹس فاؤنڈیشن کے مطابق افریقہ آئندہ 15 سالوں میں خوراک کے معاملے میں خودکفیل ہوجائے گا۔

گیٹس فاؤنڈیشن ملیریا کے خاتمے کے لیے بھی کام کر رہی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس بیماری پر 15 سالوں میں بھی پوری طرح قابو پانے کا ہدف حاصل کرنا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

بل اور ملینڈا گیٹس سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم میں بھی شرکت کر رہے ہیں جہاں وہ مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ملینڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس سے آٹھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور "میرا خیال ہے کہ ایبولا کی وبا سے سب سے بڑا سبق یہی ملتا ہے کہ ہمیں بنیادی مراکز صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے مراکز مغربی افریقہ میں بہتر طور پر کام کر رہے ہوتے تو اس وبا کو پھیلنے سے زیادہ جلدی روکا جا سکتا تھا۔

گیٹس فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال مغربی افریقہ میں ایبولا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امداد کے طور پر پانچ کروڑ ڈالرز دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG