رسائی کے لنکس

سیاسی اورمعاشی دباؤ کےنتیجے میں قذافی اقتدار چھوڑ دیں گے: گیٹس


سیاسی اورمعاشی دباؤ کےنتیجے میں قذافی اقتدار چھوڑ دیں گے: گیٹس
سیاسی اورمعاشی دباؤ کےنتیجے میں قذافی اقتدار چھوڑ دیں گے: گیٹس

گیٹس نے کہا کہ نیٹو کی قیادت میں جاری کارروائی کے باعث مسٹر قذافی کی فوجی صلاحیت اِس حد تک متاثر ہوگی کہ اُنھیں اور اُن کے حامیوں کے انداز اور معاملات مختلف ڈگر پرچل پڑیں گے

امریکی وزیرِ خارجہ رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی دباؤ کے نتیجے میں بالآخر لیبیائی لیڈر معمر قذافی قیادت سے برخواست ہو جائیں گے۔

گیٹس نے کہا کہ نیٹو کی قیادت میں جاری کارروائی کے باعث مسٹر قذافی کی فوجی صلاحیت اِس حد تک متاثر ہوگی کہ اُنھیں اور اُن کے حامیوں کے انداز اور معاملات مختلف ڈگر پرچل پڑیں گے۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں اپنے ہی لوگوں کی طرف سےکیے جانے والےسیاسی اور معاشی اقدامات کی نتیجے میں لیبیائی لیڈر کو ہٹایا جانا ممکن ہوگا۔

گیٹس نے جمعرات کو ایوان کی مسلح افواج کی کمیٹی کو بتایا کہ نیٹو کی طرف سے لیبیا میں نو فلائی زون کے نفاذ کی کمان سنبھالنے کے بعداب امریکی فوج اپنے مشن کو کافی حد تک کم کردے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکی مسلح افواج اپنےحربی اقدام کو الیکٹرونک ذرائع، ایندھن فراہم کرنے والے لڑاکا طیاروں، انٹیلی جنس سپورٹ اور دیگر مشن کے ذریعےسر انجام دے گی۔

پینٹگان کے سربراہ نےمسٹر قذافی کے خلاف فوجی کارروائی میں20ممالک کے گروپ کے مشن میں امریکی فوجی وابستگی کے بارے میں کہا کہ یہ محدود نوعیت کی ہے اور اِس میں حکومت کی تبدیلی کا معاملہ شامل نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ فضائی مشن میں سرگرمی سے حصہ نہیں لے گا، تاہم اُنھوں نے کہا کہ مسٹر قذافی کا ہٹائے جانے کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

اُنھون نے کہا کہ کوئی بھی اِس بات کی پیش گوئی نہیں کرسکتا کہ اِس کے لیے کتنا وقت درکار ہوگا۔

امریکی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ قذافی مخالف حلقوں کے ساتھ رابطے اور خفیہ معلومات حاصل کرنےکی غرض سے سی آئی اے نے لیبیا میں اپنی ٹیمیں بھیج دی ہیں۔ گیٹس نے کہا کہ وہ سی آئی اے کے رول کے بارے میں کچھ نہیں کہ سکتے۔ اُنھوں نے تسلیم کیا کہ امریکہ کے پاس قذافی کو ہٹانے کی کوشش کرنے والےمحض چند باغیوں کے بارے میں اطلاعات ہیں۔

گانگریس کے ارکان کے پینل کے سامنے پیشی میں گیٹس کے ہمراہ امریکی فوج کے جوائنٹ چیفز آف اسٹاف، ایڈمرل مائیک ملن بھی موجود تھے۔ ایڈمرل نے کہا کہ لیبیا کے ساحل کے ساتھ بحیرہٴ روم میں 25جنگی بیڑے لنگر انداز ہیں اور لیبیائی فضا پر چوکسی رکھنے کے لیے 220طیارے پرواز کر رہے ہیں۔

تاہم ملن نے متنبہ کیا کہ مسٹر قذافی کے پاس اب بھی کافی فوجی صلاحیت موجود ہے اور اُنھوں نے اِس کا موازنہ اُن کو اقتدار سے ہٹانے کی کوششیں کرنے والےمسلح حکومت مخالف باغیوںٕ کی فورسزسے کیا، جو ناقص طور پر مسلح ہیں۔

ری پبلیکن اور صدر براک اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے کہا کہ صدر اور انتظامیہ کے دیگر عہدے داروں نے اقوام متحدہ کی طرف سے منظور کیے گئے نو فلائی زون کو نافذ کرنے کے مشن میں شامل ہونے سے قبل کانگریس سے باقاعدہ مشاورت نہیں کی ۔

ملن نے پینل کو یقین دہانی کرائی کہ لیبیا میں امریکی فوج کے ملوث ہونے والے معاملے کو آج ہی سےکافی حد تک کم کردیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG