بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا میچ آج رائے پور میں کھیلا جارہا ہے۔اس ڈے نائٹ میچ میں فلڈ لائٹس تو روشن ہوں گی لیکن انہیں چلانے کے لیے جنریٹرز سے بجلی لی جائےگی۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور کے' شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم' میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے جنریٹر کو فلڈ لائٹس روشن کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2009 کے بعد سے اس اسٹیڈیم کا بل ادا نہیں کیا گیا جو تین کروڑ 16 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے اور اب پانچ سال سے رائے پور میں واقع اسٹیڈیم بجلی سے محروم ہے۔
گزشتہ پانچ سال کے دوران اس اسٹیڈیم میں صرف تین میچ کھیلے گئے ہیں جس میں سے ایک میچ اس سال کے آغاز میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ اس اسٹیڈیم میں ہونے والا پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر ایک عارضی کنیکشن لگایا گیا ہے جس سے تماشائیوں کے اسٹینڈز اور باکسز کو بجلی فراہم کی جائے گی جب کہ جنریٹرز کی مدد سے فلڈ لائٹس روشن ہوں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم کی تعمیر کے بعد سے اس کی دیکھ بھال کا کام محکمۂ تعمیرات کو دیا گیا تھا جب کہ باقی اخراجات محکمۂ کھیل کو برداشت کرنا تھے۔ لیکن بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے متعدد نوٹس کے باوجود دونوں محکموں نے بل ادا نہیں کیا اور اب اس صورتِ حال پر ایک دوسرے کو قصور وار ٹھہرا رہے ہیں۔
اسٹیڈیم کا اس وقت انتظام سنبھالنے والی چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ سنگھ(سی ایس سی ایس) کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے بجلی کے بل کی کوئی واجب الادا رقم نہیں۔
سی ایس سی ایس کے صدر جوبن شاہ کے مطابق وہ محکمےکی پچھلی واجب الادا رقم پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔لیکن جس کنیکشن پر واجب الادا رقم ہونے کا کہا جا رہا ہے وہ متعلقہ حکومتی محکمے کے نام پر تھا۔
سی ایس سی ایک کے میڈیا کورڈینیٹر ترونیش سنگھ پری ہار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اہم میچز میں جنریٹرز کو متبادل انتظام کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں کہ بجلی کا بل کتنا ہے لیکن جو عارضی کنیکشن لیا گیا ہے وہ سی ایس سی ایس کے نام پر ملا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا شمار دنیا کے امیر ترین بورڈ میں ہوتا ہے۔ لیکن ایک ایسے اسٹیڈیم میں جہاں بجلی کا کنیکشن کٹ چکا ہے وہاں میچ رکھنے پر بعض افراد بی سی سی آئی پر تنقید کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارف عمران صدیق نے بجلی کے بغیر اسٹیڈیم میں میچ کے انعقاد پر بی سی سی آئی پر تنقید کی۔
ڈون کرکٹ نامی صارف نے بھی اس ڈیولپمنٹ کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔
بھارتی صارف کلپریت یادیو کا کہنا تھا کہ رائے پور میں ہونے والے اس واقعے کے بعد اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں بہت پیسہ ہے۔
فورم