فرانس کے فضائی حادثے کی چھان بین کرنے والوں کا کہنا ہے کہ معاون پائلٹ جس نے مارچ میں ارادتاً ’جرمن وِنگز‘ کی پرواز کو فرینچ آلپس سے ٹکرایا، جس واقع میں 150 افراد ہلاک ہوئے، اُس سے قبل اُسی روز ہی ایک اور فلائیٹ کو بھی آٹومیٹک طریقہ کار سے نیچے اتارنے کی کوشش کرتا رہا تھا۔
تفتیش کاروں نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ آندرے لوبٹز نے ڈسلڈورف سے بارسیلونا کی پرواز کے دوران، طیارے کو باربار اتارنے کی کوشش کی، اور پھر فلائیٹ کو اونچائی پر لے گیا۔
رپورٹ میں تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ بظاہر اُس وقت بھی معاون پائلٹ کاک پِٹ میں اکیلا تھا، اسی طرح جیسا کہ جرمن ونگز کی ہلاکت خیز پرواز کا معاملہ تھا۔
اس سے قبل کی چھان بین سے پتا چلتا ہے کہ لوبٹز نے طیارے کے پائلٹ کو اندر نہیں آنے دیا، جب ڈسلڈوف جاتے ہوئے ایک گھنٹے کے بعد، بارسلونا سے اسپین کی پرواز کے دوران، پائلٹ کاک پٹ سے بیت الخلاٴ کے لیے اٹھا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوبٹز نے ’ایئربس اے 320‘ کو ’اسٹیڈی ڈیسینٹ‘ پر ڈال دیا، جب کہ پائلٹ کاک پِٹ کا دروازہ کھولنے کی سرتوڑ درخواست کرتا رہا، جس بات کو کاک پٹ کے وائس ریکارڈر پر سنا جاسکتا ہے۔
گذشتہ ماہ، جرمنی کے کولون کیتھڈرل میں ہلاک شدگان کے سینکڑوں لواحقین و رشتہ دار میموریل سروس کے لیے اکٹھے ہوئے، جس میں حادثے میں ہلاک ہونےوالے 150 افراد کے لیےدعائیہ تقریب ہوئی۔
تعزیتی تقریب میں، جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل، جرمن صدر جوشم گوک اور فرانس اور اسپین کے حکام کے علاوہ جرمن ونگز اور لفتھناسا کے اہل کار بھی شریک ہوئے۔