رسائی کے لنکس

جرمنی اور پیرس میں آسمانی بجلی گرنے سے درجنوں افراد زخمی


تقریباً ایک ہی وقت میں آسمانی بجلی گرنے کا دوسرا واقعہ پیرس میں پیش آیا جہاں ایک پارک میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے چار زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے

جرمنی اور پیرس میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں یہ واقعات ہفتے کے روز پیش آئے، جب مغربی جرمنی میں کھیل کے ایک میدان میں آسمانی بجلی گرنے سے 35 افراد زخمی اور ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

تقریباً ایک ہی وقت میں آسمانی بجلی گرنے کا دوسرا واقعہ پیرس میں پیش آیا جہاں ایک پارک میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے چار زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

روزنامہ ’ٹیلی گراف‘ کے مطابق، ہفتے کے روز مغربی جرمنی کے علاقے ہوپسٹیڈن کے ایک کھیل کے میدان میں فٹ بال کا میچ جاری تھا جب بچوں کو اچانک آسمانی بجلی نے آلیا جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے،جبکہ دو بالغ افراد اس واقعے میں شدید جھلس گئے ہیں۔

جرمنی کے مقامی وقت کے مطابق، دن کے دو بجے جب فٹ بال میچ کے اختتامی لمحات تھے تو اچانک آسمانی بجلی بچوں پر گری ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ آسمانی بجلی نے میچ کے ریفری کو پر براہ راست نشانہ بنایا، جسے فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق دیگر 30زخمی بچے جن کی عمریں9 سے 11برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ اس واقعے میں ان کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اگرچہ طوفان ایلویرا نےجمعہ کے روز جرمنی میں تباہی مچائی ہےاور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں کی سڑکوں پر سیلاب کا پانی کھڑا ہے۔ لیکن، بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز مطلع صاف تھا اور آسمان پر بادل موجود نہیں تھے اس لیے اس واقعہ کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پیرس کے شمال مغربی علاقے پارک مونشاؤ میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ وہاں کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بچے پیش آیا، جب پارک میں ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب منائی جارہی تھی۔

اس واقعے میں زخمی ہونے والے 11 افراد میں سے زیادہ تر بچے ہیں، جن میں سے تین بچوں اور ایک بالغ شخص کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ ایک بچے اور ایک بالغ شخص کو شدید زخمی بتایا گیا ہے، جبکہ پانچ دیگر زخمیوں میں سے چار بچے اور ایک شخص معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

بچوں پر جب بجلی گری تو وہ اچانک شروع ہونے والی گرج چمک سے بچنے کے لیے ایک درخت کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھے۔ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 7 اور 14 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔

ایک مقامی اہلکار ونسنٹ بلادی نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ بچے جھلس گئے تھے، کیونکہ آسمانی بجلی اچانک سے ان پر آگری تھی.

رپورٹ کے مطابق اگرچہ پیرس میں ہفتے کی صبح کا آغاز سنہری دھوپ اور قدرے گرم موسم کے ساتھ ہوا تھا اس کے باوجود کے پیرس میں جمعے کے روز ایک شدید طوفان گزرا ہے۔

XS
SM
MD
LG