رسائی کے لنکس

جرمنی نے پرتگال کو 4 گول سے ہرادیا


جرمنی کے تھامس ملر نے میچ میں تین گول کیے اور یوں ورلڈ کپ 2014ء میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

برازیل میں جاری 'فیفا ورلڈ کپ' میں پیر کو 'گروپ-جی' کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کو 0-4 سے شکست دے دی ہے۔

جرمنی سنہ 1990ء سے لے کر اب تک ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے اپنے تمام افتتاحی میچوں میں کامیاب ہوتا آیا ہے اور جرمن ٹیم نے پیر کو سلواڈور میں ہونے والے میچ میں بھی اپنی یہ روایت برقرا ررکھی۔

جرمنی کی فتح میں تھامس ملر کا کردار بنیادی رہا جنہوں نے تین جارحانہ گول کیے۔ جرمنی کی جانب سے چوتھا گول میٹس ہمل نے کیا۔

جرمنی کو اس سال عالمی چیمپئن کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے اور برازیل ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ہی حریف ٹیم کو 0-4 سے خاک چٹانے کے بعد جرمنی نے ان اندازوں پر مہرِ تصدیق ثبت کردی ہے۔

جرمنی کی جانب سے سے پہلا گول 12 ویں منٹ میں تھامس ملر نے پینلٹی پر کیا۔ بتیسویں منٹ میں میٹس ہمل نے دوسرا گول کیا جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتامی مراحل میں ملر نے ایک اور گول کرکے جرمنی کو واضح برتری دلادی۔

ملر نے اپنا تیسرا گول میچ کے 78 ویں منٹ میں کیا اور یوں ورلڈ کپ 2014ء میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

پرتگال کے کھلاڑی پیپے کو میچ کے 37 ویں منٹ میں ملر کو ٹکر مارنے کی پاداش میں میچ سے باہر کردیا گیا جب کہ پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو میچ کے دوران اکثر اوقات جرمن کھلاڑیوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پیر کو ہونے والا میچ ورلڈ کپ کی تاریخ میں جرمنی کا 100 واں میچ تھا جسے دیکھنے کے لیے جرمن چانسلر اینجلا مرخیل بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں۔

امریکہ بمقابلہ گھانا

بعد ازاں پیر ہی کو کھیلے جانے والے 'گروپ-جی- کے دوسرے میچ میں امریکہ نے گھانا کو 1-2 سے شکست دیدی۔


میچ کے پہلے ہی منٹ میں کلنٹ ڈیمپسی نے گول کرکے امریکہ کو برتری دلادی تھی جسے میچ کے 82 ویں منٹ میں گھانا کے آندرے ایوو نے گول کرکے برابر کیا۔

امریکہ کی جانب سے دوسرا گول 86 ویں منٹ میں بروکس نے گول کرکے میچ ڈرا ہونے سے بچالیا۔

امریکہ اپنا اگلا گروپ میچ پرتگال کے خلاف کھیلے گا جسے پیر کو جرمنی کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
XS
SM
MD
LG