رسائی کے لنکس

اسپین: ڈیم میں ڈوبا گاؤں خشک سالی سے دوبارہ سطح پر آ گیا


ملک کے شمال مغرب میں تین دہائی قبل جب ایک  منصوبے کے لیے ڈیم بنایا گیا تھا اس وقت یہاں قائم ایسیریدو نامی گاؤں اس میں ڈوب گیا تھا۔
ملک کے شمال مغرب میں تین دہائی قبل جب ایک  منصوبے کے لیے ڈیم بنایا گیا تھا اس وقت یہاں قائم ایسیریدو نامی گاؤں اس میں ڈوب گیا تھا۔

اسپین میں بنائے گئے پانی کے ایک ذخیرے لینڈوزو ریزروائر میں ہر برس گرمیوں کے موسم میں وہ چھتیں نظر آنے لگتی تھیں جو اس مقام پر ایک گاؤں میں بنے گھروں کی ہیں البتہ اس بار پورا گاؤں ہی زمین کی سطح پر آ گیا ہے۔

ملک کے شمال مغرب میں تین دہائی قبل جب ایک منصوبے کے لیے ڈیم بنایا گیا تھا اس وقت یہاں قائم ایسیریدو نامی گاؤں اس میں ڈوب گیا تھا البتہ اس میں بنے گھر اور دیگر تعمیرات بدستور موجود تھیں۔

رواں برس سے قبل ایسا کبھی بھی نہیں ہوا تھا کہ خشک ترین موسم میں بھی پانی کی سطح کم ہونے پر یہ پورا گاؤں سطح زمین پر واضح ہوا ہو۔

گزشتہ دو ماہ سے بارش نہ ہونے اور مستقبل میں بھی اس کا امکان کم رہنے کے باعث اس گاؤں کی باقیات مقامی افراد کے لیے ماضی کی یاد کا سبب بن رہی ہیں۔

پانی کے اس ذخیرے میں اب اس کی گنجائش کا 15 فی صد ہی پانی موجود ہے۔

مقامی افراد یہاں پتھروں سے بنے اس فوارے اور اس سڑک کو دیکھنے آ رہے ہیں جو یہاں بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ برس کے آخری تین ماہ میں اسپین میں عمومی بارش سے 65 فی صد کم بارشیں ہوئی ہیں۔

البتہ اس کے بعد اسپین میں بارشیں نہیں ہوئی۔ ملک کے دس فی صد علاقے کو طویل خشک سالی کا شکار قرار دیا جا چکا ہے۔ خشک سالی سے ملک کے جنوب میں زیادہ تر علاقے متاثر ہیں۔ پانی کی شدید کمی سے فصلوں کی کاشت بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

اسپین کے جنوب مغرب میں دریائے گواڈلکویئر کو گزشتہ برس نومبر میں طویل خشک سالی سے متاثر قرار دیا گیا تھا۔

حکومت منصوبہ بندی کر رہی ہے کہ وہ یورپی یونین سے کرونا ریکوری فنڈ کی مد میں ملنے والی رقم میں سے 57 کروڑ یوروز ملک کے آب پاشی کے نظام کو بہتر بنانے پر خرچ کرے گی جب کہ اس میں متبادل توانائی کے منصوبے شامل کیے جائیں گے۔

اسپین کے وزیرِ زراعت لوئس پلانس نے کہا ہے کہ بارش نہ ہونے کی صورت میں حکومت ہنگامی اقدامات کرنے جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پانی میں ڈوبے ہوئے گاؤں کے سطحِ آب پر آنے پر ایک مقامی باشندے میکسی مینو پیرز کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے میں کوئی فلم دیکھ رہا ہوں اس کے ساتھ ساتھ مجھے افسوس بھی ہو رہا ہے۔

پیرز کی عمر 65 برس ہے اور وہ اب ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ خشک سالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے کیا اثرات ہو رہے ہیں۔

زمین کی سطح پر سامنے آنے والے گاؤں میں جگہ جگہ کیچڑ خشک ہو چکا ہے جس پر چلتے ہوئے یہاں آنے والے افراد باقی مقامات دیکھتے ہیں۔

اسپین کی وزارتِ ماحولیات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پانی کے ذخائر میں ان کی گنجائش کا 44 فی صد پانی موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG