کائنات میں پائے جانے والے پھول اور پودے اپنے خوبصورت رنگ، شکل اور خوشبو کی وجہ سے لوگوں کی توجہ مبذول کراتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو جس پھول کے بارے میں بتانے والے ہیں اس میں سے مرے ہوئے انسان کے جسم سے آنے والی بدبو آتی ہے۔
کیلی فورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی کے شہر اینسی نیٹس کے بوٹینیکل گارڈن میں ایک دیوہیکل پھول کِھلا ہے جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد نے گارڈن کا رخ کیا۔
اس پھول کو 'لاش کا پودا' نام دیا گیا ہے کیوں کہ اس میں سے مردہ جسم کی بو آتی ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق 'امورفو فیلس ٹائٹی نم پلانٹ' نامی یہ پھول اتوار کو بوٹینیکل گارڈن میں کِھلا تھا اور پیر تک اسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
چھ فٹ اونچا یہ پھول 48 گھنٹوں تک کِھلا رہتا ہے۔ اس دوران اس پھول سے مسلسل خراب گوشت کی بدبو خارج ہو رہی ہے جس پر لوگ حیران ہیں۔
امریکی اخبار 'دی سان ڈیاگو یونین ٹریبیون' کے مطابق بوٹینک گارڈن کے منیجر جون کلیمنٹ کا کہنا ہے کہ پھول کِھلنے کے بعد رات نو بجے سے تین بجے تک زیادہ بدبو خارج کرتا ہے۔
جون کلیمنٹ کا کہنا تھا کہ شروعات میں اس پھول سے فرنچ چیز کی طرح کی خوشبو آتی ہے جو بعد میں جرابوں میں سے آنے والی بدبو میں بدل جاتی ہے پھر یہ بدبو خراب مچھلی کی صورت اختیار کرتی ہے اور پھر مردہ لاش میں سے آنے والی بدبو کی طرح ہو جاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گارڈن میں کام کرنے والے کارکنان اس بدبو کی وجہ سے گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور زبان کا ذائقہ خراب ہونے کی شکایات کر رہے ہیں۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سسے لی گئی ہیں۔