پینٹنگ اور قلم کا استعمال کرتے ہوئے فن پارے بنانا تو عام سی بات ہے البتہ کسی کے سر کو کینوس سمجھ کر بالوں کو تراش کر فن پارے بنانا یقیناً ایک غیر معمولی صلاحیت ہے۔
آج ہم آپ کو ایک ایسے ہی حجام سے ملوانے والے ہیں جو اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کے سَروں پر مکی ماؤس، شیر یا مائیکل جیکسن کا فن پارہ بھی بنا سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق شمالی بھارت کے ایک چھوٹے سے سیلون میں آنے والے صارفین اپنے بالوں کو تراشنے کی غرض سے نہیں بلکہ یہ اپنے سَر پر فن پارے بنوانے کا شوق پورا کرنے کے لیے آتے ہیں۔
بھارت کی ریاست پنجاب کے ڈبوالی قصبے سے تعلق رکھنے والے بھائی راج وندر سنگھ سدھو اور گرو وندر سنگھ سدھو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہو رہے ہیں۔
یہ دونوں بھائی اپنی دکان پر آنے والے صارفین کی پسند کی تصویروں کو ان کے ہیئر کٹ کی شکل میں ڈھال دیتے ہیں۔
راج وندر سنگھ سدھو اور گرو وندر سنگھ سدھو ٹرمر، قینچی اور پینسل کی مدد سے بالوں کو تراش کر تاج محل اور دیگر عمارتوں سمیت سَر پر مائیکل جیکسن اور مکی ماؤس جیسے فن پارے بھی بناتے ہیں۔
ان دو بھائیوں میں سے بڑے بھائی راج وندر سنگھ سدھو نے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "شروع میں ہم کسی کو بھی یہ مفت ہیئر کٹ دیتے تھے تاکہ ہم ان پر مشق کر کے مہارت حاصل کر سکیں۔"
ان کے بقول کبھی کبھی ایسا بھی ہوا ہے کہ ہم رات دو بجے تک اس کی مشق کرتے تھے کیوں کہ دن میں ہم ایک باقاعدہ سیلون چلا رہے ہوتے تھے۔
29 اور 31 سالہ یہ بھائی خصوصی ہیئر کٹ کے لیے 20 سے 30 ڈالرز وصول کرتے ہیں۔
ان بھائیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس کاروبار کو بھارت سے باہر لے جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
سیلون سے اپنے بالوں میں تاج محل کا فن پارہ بنوانے والے صارف دربار سنگھ کا کہنا ہے کہ "آج میں نے اپنے سَر پر تاج محل بنوایا ہے جو بے حد خوبصورت ہے۔"
محفل اور دیگر تقریبات میں لوگوں کی توجہ سمیٹنے کے خواہش مند افراد سیلون آ کر بالی وڈ اسٹارز، معروف کھلاڑیوں اور دیگر تصاویر دکھا کر اسے ہیئر کٹ میں ڈھالنے کے لیے بے حد پُرجوش ہوتے ہیں۔