برطانیہ کے بلینہم پیلس میں ہونے والی ایک نمائش سے خالص سونے کا بنا ہوا ایک انوکھا کموڈ چوری ہو گیا ہے جس کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔
بلینہم پیلس لندن کے مغربی علاقے میں واقع ہے۔ یہ عمارت دنیا کا تاریخی ورثہ قرار دی جا چکی ہے۔
اسی محل میں برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل بھی پیدا ہوئے تھے۔
بلینہم پیلس میں نادر فن پارے اور تاریخی فرنیچر نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
یہ سونے کا کموڈ بلینہم پیلس میں جاری ایک فن پاروں کی نمائش میں رکھا گیا تھا جو ہفتے کی صبح چوری ہو گیا۔
سونے کا کموڈ اٹلی کے ایک فن کار ماؤریزیو کیٹیلن نے بنایا تھا اور اسے صرف دو روز قبل ہی بلینہم پیلس میں نصب کیا گیا تھا۔
سونے کے اس انوکھے کموڈ کو اس سے قبل نیو یارک کے گوگن ہائیم میوزیم میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جہاں وہ شائقین کی توجّہ کا مرکز بنا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کموڈ چوری کرنے والے لوگ دو گاڑیوں میں آئے تھے جب کہ کموڈ پیلس کے نکاسی نظام سے جڑا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق کموڈ نکال کر لے جانے سے محل میں پانی بھر گیا۔ جس سے اس تاریخی ورثے کو بھی نقصان پہنچا۔
کموڈ کی چوری کے شک میں پولیس نے ایک 66 سالہ شخص کو حراست میں لیا ہے جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
مقامی پولیس انسپکٹر رچرڈ نکولس نے بتایا ہے کہ چور صرف کموڈ ہی ساتھ لے کر گئے اس کے علاوہ اور کوئی چیز چوری نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چوروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
کموڈ چوری ہونے سے پہلے نمائش میں رکھے گئے اس انوکھے بیت الخلا کو لوگ تین منٹ کے لیے استعمال بھی کر سکتے تھے۔
فن کار کے مطابق سونے سے بنا بیت الخلا بنانے کا مقصد ایک ہلکا پھلکا طنز کرنا تھا۔
ماؤریزیو کیٹیلن کہہ چکے ہیں کہ آپ 200 ڈالر کا کھانا کھائیں یا پھر آپ کا کھانا دو ڈالر کا ہو، اس کا نتیجہ ایک ہی نکلتا ہے۔
یہ چوری ڈیوک آف مالبرا کے سوتیلے بھائی ایڈورڈ اسپینسر کے اس بیان کے بعد ہوئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ سونے کا کموڈ چوری نہیں ہو سکتا کیوں کہ یہ عمارت کے نکاسی کے نظام سے جڑا ہوا ہے۔ لہٰذا اسے چوری کرنا کسی کے لیے بھی آسان نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے اسی لیے اس کموڈ کی حفاظت کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔
پولیس کے ایک تفتیشی افسر جیس ملنے کے مطابق کہ یہ انوکھا فن پارہ ابھی تک ڈھونڈا نہیں جا سکا ہے لیکن وہ کوشش کر رہے ہیں کہ چوروں کو ڈھونڈ کر انہیں قرار واقعی سزا ہو اور یہ کموڈ واپس لوٹایا جائے۔
محل کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ اس کموڈ کے چوری ہونے پر افسردہ ہیں۔ البتہ انہیں خوشی ہے کہ اس چوری کے دوران کسی انسانی جان کو نقصان نہیں پہنچا۔
پیلس انتظامیہ کے مطابق ماؤریزیو کیٹیلن آرٹ نمائش میں شامل اس کموڈ کی کافی اہمیت تھی۔
ان کے بقول اس کی چوری ان کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ یہ کموڈ اس سے قبل نیو یارک میں ایک نمائش میں رکھا گیا تھا۔
گزشتہ سال نیو یارک کے گوگن ہائیم میوزیم کے چیف کیوریٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو یہ کموڈ قرض پر دینے کی پیش کش بھی کی تھی۔