رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان: گومل زام ڈیم سے بجلی کی ترسیل شروع


اس منصوبے کےلیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے چار کروڑ ڈالر معاونت فراہم کی۔

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی معاونت سے تعمیر کیے جانے والے گومل زام ڈیم سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق گومل زام ڈیم سے 17.4 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر دی گئی ہے اور وزیراعظم نواز شریف آئند چند دنوں میں اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے۔

شدت پسندی سے متاثرہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم سے 25 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی فراہم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی جب کہ اس ڈیم سے ایک لاکھ 90 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلی زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی شامل ہے جس سے تقریباً 30 ہزار کاشت کار خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

پاکستانی عہدیداروں کے مطابق اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے ’یو ایس ایڈ‘ نے چار کروڑ ڈالر فراہم کیے تھے۔

دہشت گردی سے شدید متاثرہ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مضبوط گڑھ جنوبی وزیرستان میں 2009ء میں فوج کے آپریشن کے بعد اب بیشتر حصے پر حکومت کی عمل داری بحال ہو گئی ہے۔

شمالی علاقہ جات پر مشتمل گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں امریکی امداد سے سدپارہ ڈیم کی تعمیر بھی جاری ہے جس سے دولاکھ 80 ہزار سے زائد لوگوں کو بجلی مہیا ہوسکے گی۔

پاکستان کو ان دنوں توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور وزیراعظم نواز شریف اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مسلسل یہ کہتے آئے ہیں کہ اُن کی حکومت کی اولین ترجیحات میں ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانا بھی شامل ہے۔
XS
SM
MD
LG