رسائی کے لنکس

یونان میں بینک بند، صارفین کو مشکلات کا سامنا


اُدھر امریکہ کے وزیر خزانہ جیک لیو نے یونان کے وزیراعظم الیکسس سیپراس پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی معیشت کی خاطر یونان کے مالیتی بحران کے 'پائیدار' حل تلاش کریں۔

مالیاتی بحران کے شکار یونان نے پیر سے اپنے بینکوں اور سٹاک مارکیٹوں کو چھ دن کے لیے بند کرنے کا حکم دیا ہے، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

جب کہ یورپی امداد سے محروم یونان کو اس بحران سے نکلنے میں مدد دینے کے لیے مذاکرات میں منگل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

اُدھر امریکہ کے وزیر خزانہ جیک لیو نے یونان کے وزیراعظم الیکسس سیپراس پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی معیشت کی خاطر یونان کے مالیتی بحران کے 'پائیدار' حل تلاش کریں۔

جیک لیو یونان کے وزیر اعظم کو بتایا کہ یہ یورپ، یونان اور عالمی معیشت کے بہترین مفاد میں ہے کہ ایک ایسا پائیدار حل تلاش کیا جائے جس سے 19 رکنی یورو زون میں رہتے ہوئے یونان اصلاحات اور بحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

لیو نے کہا کہ یہ اہم ہے کہ تمام فریقین ایک حل کی تلاش میں مل کر کام کریں جس کے تحت اصلاحات اور ممکنہ قرض کی ادائیگی میں سہولت فراہم ہو سکے اور انہوں نے ایتھنز سے معاشی استحکام بحال رکھنے کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعظم الیکسس سیپراس کے بینکوں کو بند کرنے کے اعلان سے چند گھنٹے قبل یورپین سنٹرل بینک نے یونان کے لیے ہنگامی قرضوں کے پروگرام کو بند کرنے کے فیصلہ کیا تھا۔ اس پروگرام کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں یونانی بینکوں کو اپنا کام جاری رکھنے میں مدد ملی تھی۔

سیپراس نے یہ اعلان یونانی مذاکرات کاروں اور اس کے یورپی قرض دہندگان کے درمیان پر بات چیت بغیر کسی معاہدے کے ختم ہونے کے بعد کیا۔ ان مذاکرات میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے قرض کے عوض معیشت میں اصلاحات کی شرائط طے کی جانی تھیں۔

مبصرین کی رائے ہے کہ معاہدہ نہ ہونے کے بعد یونان منگل کو یبن الاقوامی مالیاتی فنڈ کو 1.8 ارب ڈالر قرضے کی ادائیگی میں ناکام ہو جائے گا۔

وزیرِ اعظم سپراس نے مالیاتی بحران کا الزام قرض دہندگان پر عائد کیا، جس کی وجہ سے یورو کرنسی گروپ میں یونان کی رکنیت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بینک اور سٹاک مارکیٹ اس وقت تک بند رہیں گے جب تک یونانی عوام 5 جولائی کو ایک ریفرینڈم میں یہ فیصلہ نہیں کر لیتے کہ انہیں ملک کے اخراجات کو کم کرنے کے نئے اقدامات قبول ہیں یا نہیں جن کا مطالبہ ملک کے قرض دہندگان کر رہے ہیں۔

قرض دینے والوں کا اصرار ہے کہ یونان اپنے معاشی نظام میں مزید اصلاحات کرے جس میں محصولات میں اضافہ اور پنشنز میں مزید کٹوتی شامل ہے۔

اطلاعات کے مطابق بینک بند ہونے کے دوران صارفین روزانہ 65 ڈالر رقم اپنے اکاؤنٹ سے نکلوا سکیں گے اور اس دوران بغیر منظوری کے کوئی رقم ملک سے باہر نہیں بھجوائی جا سکے گی۔

اس سلسلے میں ہمسایہ ملک میسیڈونیا سے آنے والی خبروں کے مطابق حکومت نے اپنے مالیاتی ادروں کو حکم دیا ہے کہ وہ یونانی بینکوں سے اپنا سرمایہ نکال لیں۔ میسیڈونیا سے یونان کے لیے سرمایے کے اخراج پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔

یونان کے وزیر خزانہ یانس واروفاکس کا کہنا ہے کہ ان کا ملک عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو دو ارب ڈالر کی قسط شاید واپس نہ کر پائے اور ان کے بقول یورپین سنٹرل بینک اور یونان کو قرض دینے والے دیگر ادارے 2014ء میں یونانی بانڈز سے حاصل ہونے والے منافع کو اس ضمن میں آئی ایم ایف کو منتقل کر سکتے ہیں۔

عالمی مالیاتی ادارے کی منییجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ نے یونان اور دیگر فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ناکامی پر ناامیدی کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے مسئلے کے حل کے لیے متوازن رویہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یونان میں اقتصادی استحکام اور ترقی بحال ہو سکے۔

XS
SM
MD
LG