یونان کے وزیراعظم الیکسس سیپراس نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے یورپی رہنماؤں کی طرف سے "بیل آؤٹ" معاہدے سے متعلق تجاویز رواں ہفتے کے اختتام سے قبل تیار کر لی جائیں گی۔
بدھ کو یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ایک بار پھر مالی امداد کے عوض سخت اقدام کو اپنے عوام کی طرف سے مسترد کیے جانے کا دفاع کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اصلاحات ہوں اس کے ذریعے پڑنے والا بوجھ سب کے لیے یکساں ہونا چاہیئے جس میں روزگار کے مواقع اور کاروبار کی حوصلہ افزائی بھی شامل ہے۔
منگل کو یوروزون کے ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس کے تناظر میں یورپی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ سیپراس کی طرف سے تازہ تجاویز سے متاثر نہیں ہوئے۔
یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ "مجھے یہ بالکل واضح طور پر کہنا پڑے گا کہ (بیل آؤٹ معاہدے کی) حتمی تاریخ اس ہفتے ختم ہو رہی ہے۔" ان کے بقول اس دوران کسی بھی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی "یونان کو دیوالیہ اور اس کے بینکاری کے نظام کو تباہی کی طرف لے جاسکتی ہے۔"
تاہم یوپی یونین کے اقتصادی امور کے کمشنر پیئرماسکووسی کچھ پرامید دکھائی دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب یورپی یونین کے تمام 28 ارکان اس بحران پر تبادلہ خیال کے لیے بیٹھیں گے تو اتوار تک اس ضمن میں کوئی معاہدہ ہو جائے گا۔ "گیند اب واضح طور پر یونان کے عہدیداروں کے پاس ہے۔"
یونان کے بین الاقوامی قرض خواہ وزیراعظم سیپراس پر خاصے برہم ہیں جو منگل کو بھی بحران سے نکلنے کے لیے کوئی تحریر منصوبہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ صدر براک اوباما اور یونانی وزیراعظم سیپراس کے مابین منگل کو فون پر بات ہوئی جس میں امریکی صدر نے اس یقین کا اعادہ کیا کہ باہمی طور پر تسلیم شدہ معاہدے تک پہنچنا ہی یونان اور اس کے قرض خواہوں کے مفاد میں ہے۔