یونان میں مالی بحران کے حل کے لیے قرض خواہوں کی شرائط پر اتوار کو ریفرنڈم ہو رہا ہے جس میں لوگ ان شرائط کو تسلیم یا مسترد کرنے کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
یونان کو قرض دینے والے اداروں کا اصرار ہے کہ وہ محصولات میں اضافے اور پینشنز میں مزید کٹوتی کرے۔
وزیراعطم ایلیکسس سیپراس کی صرف پانچ ماہ پرانی حکومت کے مستقبل کے لیے بھی یہ ریفرنڈم ایک کڑا امتحان ہے جنہوں نے لوگوں سے ان شرائط کو مسترد کرنے پر زور دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان شرائط کو نہ ماننے کے حق میں اگر زیادہ ووٹ آتے ہیں تو یونان قرض خواہوں سے مذاکرات کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہو گا لیکن اگر یہ فیصلہ "ہاں" میں ہوتا ہے تو یونان کو قرض خواہوں کے مطالبات کے سامنے ہتھیار ڈالنے پڑیں گے۔
حزب مخالف سیپراس پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ 19 رکنی یورو کلب میں ملک میں رکنیت کو تباہ کر رہے ہیں۔
ابتدائی جائزوں کے مطابق قرض خواہوں کی شرائط ماننے یا نہ ماننے پر عوام کی رائے منقسم دکھائی دیتی ہے۔
سرمایہ کاروں اور یورپی پالیسی سازوں کا کہنا ہے کہ اگر عوام کی اکثریت "نہ" کہہ دیتی ہے تو اس سے یونان یوروزون سے باہر ہو سکتا ہے جو کہ عالمی اقتصادیات اور مالیاتی منڈیوں کے عدم استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔
ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے کا سلسلہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوا جو کہ شام سات بجے تک جاری رہے گا۔
ریفرنڈم میں ایک کروڑ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں اور توقع ہے کہ رات تک ابتدائی نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔