رسائی کے لنکس

گنیز نے دنیا کے معمر ترین کتے کا ریکارڈ کیوں معطل کیا؟


گنیز ورلڈ ریکارڈ نے پرتگال سے تعلق رکھنے والے ایک کتے 'بوبی' کا سب سے عمر رسیدہ کتا ہونے کا ریکارڈ معطل کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق گنیز نے کتے کی اصل عمر سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہونے پر یہ ریکارڈ معطل کیا ہے۔

'بوبی' نامی اس کتے کو فروری 2023 میں دنیا کا سب سے بوڑھا زندہ کتا قرار دیا گیا تھا۔

تاہم اس ریکارڈ کے لگ بھگ آٹھ ماہ بعد اکتوبر میں بوبی 31 سال 165 دن کی عمر میں چل بسا تھا۔

بوبی ایک پرتگالی نسل ریفیرو کا کتا تھا۔ اس نسل کی متوقع عمر عموماً 12 سے 14 سال ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک عام کتے کی اوسط عمر 10 سے 13 سال کے درمیان ہوتی ہے۔ البتہ چھوٹے سائز کے کتے 15 سال تک بھی زندہ رہتے دیکھے گئے ہیں جب کہ بڑے سائز اور بڑے ڈیل ڈول کے کتے آٹھ سال کی عمر تک ہی پہنچ پاتے ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی کتا 20 سال کی عمر کو پہنچ جائے۔

بوبی کی پیدائش کی تاریخ 11 مئی 1992 بتائی گئی ہے اور اسے دنیا کا معمر ترین کتا بھی قرار دیا گیا تھا جس نے آسٹریلوی کیٹل ڈاگ بلیوئی کا تقریباً نصف صدی پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ یہ کتا 1939 میں 29 سال اور پانچ مہینے میں چل بسا تھا۔

گنیز کے ایک ترجمان نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ اگرچہ ہمارا جائزہ جاری ہے۔ تاہم ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ہمارے نتائج نہیں آجاتے عمر رسیدہ زندہ کتا اور اب تک کا سب سے معمر کتا، دونوں ریکارڈ ٹائٹلز کو عارضی طور پر روک دیا جائے۔

گنیز کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کے شکوک و شبہات کس وجہ سے بڑھے ہیں۔

لیکن برطانوی اور امریکی میڈیا کی جانب سے ان شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا کہ بوبی کی پرانی اور حالیہ تصویروں میں ان کے پاؤں کا رنگ مختلف دکھائی دیا۔

پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ایک جانوروں کے ڈاکٹر میگوئل فیگیریڈو نے گزشتہ سال اے ایف پی کو بتایا تھا کہ نقل و حرکت کے مسائل یا عمر رسیدہ کتے کے پٹھوں کے لحاظ سے بوبی بہت بوڑھے کتے کی طرح نظر نہیں آتا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے کہا گیا کہ یہ معطلی عارضی ہے جب کہ جائزے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب بوبی کے مالک لیونل کوسٹا کا کہنا ہے کہ شکوک و شبہات بے بنیاد ہیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیشن کے عمل میں "تقریباً ایک سال لگا" اور انہوں نے گنیز کی جانب سے مانگی گئی تمام دستاویزات کو پورا کیا۔

کوسٹا نے الزام لگایا کہ ان شکوک و شبہات کے پیچھے "جانوروں کی دنیا کی ایک مخصوص اشرافیہ" ہے کیوں کہ انہیں یہ تسلیم کرنے میں دشواری ہے کہ بوبی نے ڈاگ فوڈ کے بجائے ہمیشہ "قدرتی خوراک" کھائی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG