رسائی کے لنکس

بالوں کو رنگنے والے کیمیکلز سے بریسٹ کینسر کا خطرہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو بالوں کو رنگ کرواتی ہیں یا ان کو کیمیکل لگا کر سیدھا رکھتی ہیں، اُنہیں کینسر ہونے کے خدشات موجود ہوتے ہیں۔

'انٹرنیشنل جرنل آف کینسر' میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق بالوں کو رنگنے والے کیمیکلز اور کینسر میں کسی حد تک تعلق سامنے آیا ہے۔ اس تحقیق کو 'سسٹر اسٹڈی' کا نام دیا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'این پی آر' نے 'انٹرنیشنل جرنل آف کینسر' کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سے قبل ایک تحقیق جانوروں پر بھی کی گئی تھی جس میں بالوں کے رنگنے (ڈائی کرنے) اور سیدھا (اسٹریٹ) کرنے کے مختلف کیمیکلز اور کینسر کے تعلق کا مشاہدہ کیا گیا تھا۔

تحقیق کاروں نے جب خواتین کے حوالے سے تحقیق کی تو اس کے بالکل برعکس نتائج سامنے آئے۔

'سسٹر اسٹڈی' کے نام سے ہونے والی تحقیق میں جمع کیے گئے اعداد و شمار کا تجزیہ محققین نے کیا۔ اس تحقیق میں 46 ہزار 709 خواتین کے طبی ریکارڈ اور زندگی گزارنے کے انداز کے حوالے سے سروے کیا گیا تھا۔ جن خواتین کو سروے میں شامل کیا گیا تھا ان کی عمریں 35 سے 74 برس کے درمیان تھیں۔

سروے میں خواتین سے ان کے بالوں کو رنگنے (یعنی ڈائی کرنے) اور سیدھا (اسٹریٹ) کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے کیمیکلز کے حوالے سے سوالات کیے گئے تھے۔ ابتدا میں اس سروے میں صرف سفید فام خواتین شامل تھیں بعد ازاں سروے میں نو فی صد سیاہ فام خواتین کو بھی شامل کیا گیا۔

اس سروے کے بعد کی گئی تحقیق میں سامنے آیا کہ وہ خواتین جو کہ مستقل بالوں کو رنگنے (ڈائی) اور سیدھا رکھنے کے لیے کیمیکلز استعمال کرتی ہیں انہیں 'بریسٹ کینسر' ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمنٹل ہیلتھ سائنسز کی محقق اور مذکورہ تحقیق کی معاون الیگزنڈرا وائٹ کا کہنا تھا کہ بالوں کو ڈائی کرانے والی سیاہ فام خواتین میں اس سے متاثر ہونے کے کئی گنا زیادہ نتائج سامنے آئے ہیں۔

خواتین کے بالوں کو رنگنے اور سیدھا کرنے کے لیے کیمیکلز کے استعمال کے حوالے سے یہ تحقیق گزشتہ آٹھ سال سے جاری تھی۔

اس حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفید فام خواتین میں سات فی صد جبکہ سیاہ فام خواتین میں 45 فی صد بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کا خدشہ موجود ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ان سیاہ فام خواتین کا اور بھی زیادہ بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے جو بہت زیادہ یعنی ہر ایک یا دو مہینے میں ایک بار بالوں کو رنگنے اور سیدھا کرنے کے لیے کیمیکلز کا استعمال کرتی ہیں۔

تحقیق میں یہ بات سامنے نہیں آ سکی کہ وہ کون سے اجزا یا کیمیکلز ہیں جن کی وجہ سے خواتین اس سے اس قدر متاثر ہو رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG