امریکی صدر باراک اوباما اور ہیٹی کے صدر رینی پریوال ”Rene Preval “ کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہوئی ہے ۔ وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن ”Rose Garden“میں بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں ہیٹی میں آنے والے زلزلے کے بعد بحالی کے کاموں سمیت دیگر اُمور پر بات چیت کی گئی۔
صدر اوباما کی ہیٹی کے صدر کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی۔ تقریباً دو ماہ قبل ہیٹی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہیٹی کے صدر کے اس دورے کا مقصد بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں امریکی اور بین لاقوامی برادری کی امداد کا حصول ہے۔
صدر رینی نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت کی اس وقت اولین ترجیح یہ ہے کہ زلزلے سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو بارشوں سے کس طرح بچایا جائے۔ ہیٹی کے صدر نے امریکی حکومت کے طرف سے زلزلہ زدگان کو اب تک فراہم کی جانے والے امداد کوبھی سراہا۔