رسائی کے لنکس

مناسک حج اتوار سے شروع ہوں گے


دنیا بھر کے عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ آئندہ ایک دو روز میں اختتام پذیر ہوجائے گا۔ پاکستانی عازمین حج کو لیکر قومی ائیر لائن کی آخری پرواز بدھ 9 اکتوبر کو جدہ پہنچے گی

مناسک حج کی ادائیگی اتوار سے شروع ہو رہی ہے جو پانچ دنوں تک جاری رہے گی۔ دنیا بھر کے عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ بھی آئندہ ایک دو روز میں اختتام پذیر ہوجائے گا۔

پاکستانی عازمین حج کو لیکر قومی ائیر لائن کی آخری پرواز بدھ نو اکتوبر کو جدہ پہنچے گی۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اب تک قومی ائیرلائن کی 137 خصوصی حج پروازوں کے ذریعے 55ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ دیگر ایئرلائنز سے سفر کرنے والے عازمین کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

ادھر سعودی حکومت نے آئندہ دو سالوں تک حاجیوں کی تعداد کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ مسجدالحرام میں جاری توسیعی کام کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ رواں سال مقامی عازمین حج کی تعداد میں 50فیصد، جبکہ غیرملکی عازمین کی تعداد میں 20فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ غیرملکیوں کی ویزے کی مدت بھی کم کر کے 14دن کردی گئی ہے۔

دبئی سے شائع ہونے والے ایک رسالے’عربین بزنس‘ کے مطابق، حاجیوں کی تعداد میں ہر سال ہونے والے غیر معمولی اضافے کو دیکھتے ہوئے مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ یہ توسیع 21ارب ڈالرز کے منصوبے کاحصہ ہے۔توسیع کے بعد مسجد میں 20لاکھ عازمین حج عبادت کر سکیں گے۔

خانہ کعبہ کے گرد تعمیر شدہ عارضی سسپنشن برج سے مطاف کی گنجائش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس برج کی بدولت طواف کرنے والے افراد کی تعداد میں 48,000سے زیادہ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اب ایک گھنٹے میں ایک لاکھ تیس ہزار عازمین طواف کرسکیں گے۔

سعودی عرب کے نائب وزیر حج عیسیٰ رواس نے حاجیوں کی تعداد میں کمی کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تعمیرات کا کام تین سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس سال، دنیا بھر سے تقریبا ً20 لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے جس کا آغاز 13اکتوبر سے ہوگا۔

تعداد میں کمی۔۔ اخراجات میں اضافہ
مکہ چیمبر فار کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق حج اور عمرہ ویزوں میں کمی کے نتیجے میں ٹور آپریٹرز نے کرایوں میں 35فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ چیمبر کی حج اور عمرہ کمیٹی کے ممبر سعد القریشی کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے کا مقصد عازمین کی تعداد میں کمی سے ہونے والے خسارے کو پورا کرنا ہے۔

پانچ ارب سعودی ریال کا نقصان
سعودی عرب کے شعبہ سیاحت اور عمرہ ویزہ آپریٹرز کا دعوی ہے کہ اس سال عازمین حج کی تعداد اور ویزہ مدت میں کمی سے انہیں 5ارب سعودی ریال کا نقصان ہوا ہے۔
XS
SM
MD
LG