رسائی کے لنکس

کاملا ہیرس کا نائب صدر کے امیدوار کے لیے ٹم والز کا انتخاب


ساٹھ سالہ ٹم والز ریاست منی سوٹا کے گورنر ہیں۔
ساٹھ سالہ ٹم والز ریاست منی سوٹا کے گورنر ہیں۔
  • کاملا ہیرس نے نائب صدارت کے لیے ٹم والز کا انتخاب کر لیا۔
  • ٹم والز ریاست منی سوٹا کے گورنر ہیں۔
  • ٹم والز کے بطور نائب صدر انتخاب کا اعلان منگل کی شام فلاڈیلفیا میں انتخابی ریلی کے دوران کیا جائے گا۔
  • سینیٹر جے ڈی وینس ری پبلکن پارٹی کی جانب سے نائب صدر کے اُمیدوار ہیں۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار کاملا ہیرس نے نائب صدر کے لیے ٹم والز کا انتخاب کر لیا ہے۔ ٹم والز ریاست منی سوٹا کے گورنر ہیں۔ نائب صدارت کے اُمیدوار کا باضابطہ اعلان منگل کو فلاڈیلفیا میں انتخابی ریلی کے دوران کیا جائے گا۔

پانچ نومبر کے انتخابات میں صدر کے انتخاب کے لیے ہیرس کے مدِ مقابل ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے جب کہ ان کے نائب صدر کے امیدوار کا مقابلہ ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جے ڈی وینس سے ہو گا۔

کاملا ہیرس نے نائب صدارت کے اُمیدوار کے لیے مختلف ڈیمو کریٹک رہنماؤں کے انٹرویوز کیے تھے۔ ان میں ٹم والز کے علاوہ ریاست پینسلوینیا کے گورنر جوش شپیرو اور ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارک کیلی شامل ہیں۔ تاہم اب رپورٹس کے مطابق کاملا ہیرس نے ٹم والز کا انتخاب کیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم ڈونلڈ ٹرمپ کی کیمپین نے ٹم والز کی باضابطہ نامزدگی سے قبل اپنے ایک بیان میں انہیں ’نااہل لبرل‘ قرار دیا ہے۔

ٹرمپ کی انتخابی مہم کی پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سان فرانسسکو کی لبرل کاملا ہیرس نے اپنے نائب صدر کے امیدوار کے لیے ٹم والز کو چنا ہے جس پر کسی کو کوئی حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

ان کے بقول والز کیلی فورنیا کے خطرناک لبرل ایجنڈے کو دور دور تک پھیلانے کے خبط میں مبتلا ہیں۔

امریکی ریاست نیبراسکا میں پیدا ہونے والے ساٹھ سالہ ٹم والز 2006 میں پہلی مرتبہ منی سوٹا سے رُکن کانگریس منتخب ہوئے۔ والز نے 24 برس تک آرمی نیشنل گارڈ میں خدمات سرانجام دیں۔

سیاست میں قدم رکھنے سے قبل وہ سوشل اسٹیڈیز کے اُستاد، فٹ بال کوچ اور یونین ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

سن 2018 میں اُنہوں نے 'ون منی سوٹا' کے سلوگن کے ساتھ گورنر کا انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی۔

نائب صدر کاملا ہیرس ان دنوں اپنی انتخابی مہم پر ہیں جہاں منگل کو اُن کا پڑاؤ فلاڈیلفیا میں ہو گا۔ اس کے بعد وہ وسکونسن، مشی گن، ایریزونا اور نیواڈا بھی جائیں گی۔

صدر بائیڈن نے صدارتی انتخاب سے دست بردار ہونے کے بعد نائب صدر کاملا ہیرس کا بطور صدارتی اُمیدوار نام تجویز کیا تھا جس کے بعد ڈیمو کریٹک پارٹی نے بھی اُن کے نام کی توثیق کر دی تھی۔

پہلے صدارتی مباحثے میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے پر صدر بائیڈن پر انتخابی دوڑ سے دست بردار ہونے کے لیے دباؤ بڑھ رہا تھا جس کے بعد وہ گزشتہ ماہ اس دوڑ سے الگ ہو گئے تھے۔

اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں اداروں 'رائٹرز' اور 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG