رسائی کے لنکس

کابل میں کیا غلط ہوا؟ اس کی بجائے فی الوقت توجہ انخلا کے عمل پر مرکوز رکھنی چاہئے، کاملا ہیرس


امریکی نائب صدر کاملا ہیرس سنگاپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران۔ 23 اگست 2021
امریکی نائب صدر کاملا ہیرس سنگاپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران۔ 23 اگست 2021

امریکہ کی نائب صدرکاملا ہیرس نے کہا ہے کہ اس وقت امریکہ کی تمام تر توجہ کابل سے امریکی شہریوں اور خطرات میں گھر افغان شہریوں کے انخلا پر مرکوز ہونی چاہئے ،اور یہ وقت اس بحث کا نہیں کہ افغانستان سے نکلنے کے عمل میں کیا غلطیاں ہوئیں اور کیا کچھ توقعات کے مطابق نہیں ہو سکا۔

ہیرس نے یہ بات پیر کے روز سنگاپور کے وزیر اعظم لی شیان لونگ سے ملاقات کے بعد ایک اخباری کانفرنس کے دوران کہی، جس میں ان سے افغانستان سے متعلق کئی سوالات کیے گئے۔ اس سے قبل انہوں نے سنگاپور کے قائدین سے کرونا وائرس اور سائبر سیکیورٹی کے امور پر گفتگو کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت امریکہ کی توجہ اپنے شہریوں، امریکہ کےساتھ کام کرنے والے اور مشکل میں پھنسے افغان شہریوں کے انخلا پر مرکوز ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ تاہم، بعد ازاں ایک تفصیلی جائزے کی ضرورت ہو گی، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ افغانستان میں دراصل کیا ہوا۔

تجزیہ کار، ہیرس کے سنگاپور اور ویت نام کے موجودہ دورے کو خطے پر چین کے اثر و رسوخ اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

سنگاپور کے وزیر اعظم نے افغانستان سے انخلاءکے امریکی انتظامیہ کے فیصلے کی حمایت کی۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے کی گئی امریکی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انخلاء کے کام میں مدد دینے کے لیے، سنگا پور کے وزیر اعظم نے اپنی فضائیہ کی جانب سے ٹرانسپورٹ طیارے کی فراہمی کی پیش کش کی۔

وزیر اعظم لی شیان لونگ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک میں امریکہ کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے جس کی مدد سے وسیع تر خطے میں دہشت گردی کے خلاف لڑائی کی کاوشوں میں مدد ملتی ہے۔

جنوب مشرقی ایشیا کے موجودہ دورے کے موقعے پر کاملا ہیرس اسی ہفتے ویت نام کا دروہ کریں گی، جس کا مقصد علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے، تاکہ خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کیا جا سکے۔

وائٹ ہاوس کی جانب سے پیر کے روز سنگا پور کے ساتھ سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے خطرات، ماحولیاتی تبدیلیوں، کووڈ نائینٹین کی وبا سے نمٹنے اور سامان رسد کی فراہمی میں حائل مشکلات کے بارے میں کئی نئے معاہدوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کے معاملے پر امریکی محکمہ خزانہ اور دفاع کے علاوہ سائبر سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی نے سنگاپور کے اپنے ہم منصب محکموں کے ساتھ ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اطلاعات تک مشترکہ رسائی اور سائبر خدشات سے مل کر نمٹنے میں مدد ملے گی۔


نائب صدر کاملہ ہیرس کا خطے کا دورہ بائیڈن انتظامیہ کی ان کوششوں کا حصہ ہے، جو چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG