رسائی کے لنکس

ہیری پاٹر سیریز کی آخری فلم کی نمائش، پہلے دن ریکارڈ بزنس


ہیری پاٹر سیریز کی آخری فلم کی نمائش، پہلے دن ریکارڈ بزنس
ہیری پاٹر سیریز کی آخری فلم کی نمائش، پہلے دن ریکارڈ بزنس

ہیری پاٹر کی جادوبھری داستان کی فلموں کے شائقین اس سلسلے آخری فلم دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے سینما گھروں کارخ کررہے ہیں۔ ہیری پاٹر کی نئی فلم اس سلسلے کی گذشتہ آٹھ فلموں پرمشتمل سلسلے کی کڑی ہے۔ یہ فلمیں برطانوی مصنفہ آر کے رولنگ کے ناولوں پر بنائی گئی تھیں۔

نئی فلم’ ہیری پاٹر اینڈ ڈیتھلی ہالوز پارٹ ٹو‘ ٹکٹوں کی فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے اور بدھ کے روز 26 ممالک میں اپنے افتتاح کے موقع پر اس نے چار کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔ جب کہ امریکہ اور برطانیہ کے سنیما گھروں اس فلم کی نمائش جمعے سے ہورہی ہے۔

اس ریلز کے ساتھ ہی کئی برسوں تک بچوں، نئی نسل کے نوجوانوں اور فلم بینوں کے ایک بڑے طبقے کو اپنے حصار میں رکھنے والی فلموں کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔

یہ پراسرار داستان ایک جادوگر لڑکے ہیری پاٹر اور اس کے دو ساتھیوں کے گرد گھومتی ہے۔ نئی اور آخری فلم ، ہیری پاٹر سلسلے کے ساتویں ناول کے آخری نصف حصے اور آخری ناول پر مبنی ہے۔ فلم میں ہیری پاٹر کی والڈمورٹ کے ساتھ آخری لڑائی دکھائی گئی ہے جو اس سیریز میں بدی کی نمائندگی کررہا ہے۔

وارنر برادرز کی جانب سے یہ پہلی ایسی فلم ہے جسے تھری ڈی میں پیش کیا جارہاہے۔ تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ تھری ڈی کی زیادہ قیمت کے باعث ، فلم کی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اس فلم کا آخری پریمیئر گذشتہ ہفتے لندن میں ہواتھا ۔ اس موقع پر فلم سیریز کے اداکاروں کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیےآٹھ ہزار سے زیادہ پرستار ٹرافل گار سکوائر پر جمع ہوئے تھے ۔

اپنے ایک انٹرویو میں ہیری پاٹر کا کردار ادا کرنے والے نوجوان اداکار ڈینیئل ریڈ کلف نے حوصلہ افزائی پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG