رسائی کے لنکس

ٹرمپ، خاتونِ اول کا ہیوسٹن میں طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ


صدر ٹرمپ نے دورے کے دوران 10 لاکھ ڈالر کے عطیے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ عطیے کی یہ رقم کس کے حوالے کی جائے گی۔ توقع ہے کہ عطیے کی رقم اُن کے ذاتی مالی وسائل سے فراہم کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیہ ٹرمپ نے آج ہفتے کے روز ہیوسٹن کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں اُنہوں سے شیلٹرز میں پناہ لینے والے متاثرین سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے وہاں موجود بچوں کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں اور لوگوں کی داستانیں سنیں۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

متاثرین نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ جو سڑکیں اب خشک دکھائی دے رہی ہیں وہ کچھ ہی دیر پہلے سیلاب کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں۔ جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے بے مثال کا م کیا ہے۔ متاثرین میں سے ایک شخص نے مزاقاً صدر ٹرمپ سے کہا کہ اس قدر سیلاب دیکھ کر وہ تصور کر رہا تھا کہ سیلابی ریلوں کے ساتھ شاید کشتی نوح نمودار ہونے والی ہے۔

وہاں سے رخصت ہوتے ہوئے ٹرمپ نے متاثرین سے کہا کہ وہ اُن کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور اُن سب نے بہت بہادری کا ثبوت دیا ہے۔

بعد میں ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنر نے بتایا کہ اُنہوں نے صدر ٹرمپ کو طوفان ہاروے کے بعد متاثرین کو رہائش کی سہولتیں فراہم کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ایک شیلٹر پر رکتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں سے بات کرتے ہوئے ٹرنر نے کہا کہ اُنہوں نے صدر ٹرمپ کو باور کرایا ہے کہ طوفان کے بعد متاثرین کو شیلٹروں سے نکال کر مناسب رہائشگاہوں میں منتقل کرنا بہت اہم ہے۔

میئر ٹرنر کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے گھروں میں پہنچ گئے ہیں وہ اب بھی مشکل حالات سے دوچار ہیں اور اُنہیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ میئر نے صدر ٹرمپ سے بات چیت کو بہت مفید قرار دیا۔ اُن کے مطابق صدر ٹرمپ اس بات کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ بحالی کا کام شروع کرنے کیلئے فوری طور پر مالی وسائل درکار ہیں۔ خاص طور پر اُن افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے جن کے مکان تباہ ہوگئے ہیں یا اُنہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

اُدھر امریکہ میں باسکٹ بال کے سوپر اسٹار جیمز ہارڈن نے ہیوسٹن میں طوفان کے بعد بحالی کے کام کیلئے 10 لاکھ ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

جیمز ہارڈن ہیوسٹن راکٹس ٹیم میں پوئینٹ گارڈ کی حیثیت سے کھیلتے ہیں۔ اُنہوں نے عطیے کا اعلان ہیوسٹن کے میئر ٹرنر سے ملاقات کے دوران کیا۔ جیمز ہارڈن اور میئر ٹرنر نے NRG سینٹر میں ایک نیوز کافرنس سے خطاب کیا۔ اس سینٹر میں بھی طوفان اور سیلاب سے متاثرہ بہت سے لوگوں کو پناہ فراہم کی گئی ہے۔

ہارڈن نے اپنا ہائی اسکول کیلی فورنیا میں مکمل کیا تھا اور پھر اُنہوں نے ایریزونا میں کالج کی تعلیم مکمل کی جس کے بعد وہ ہیوسٹن آ کر آباد ہو گئے۔ جیمز نے متاثرہ افراد کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور کہا کہ اُن کی طرف سے عطیہ کی جانے والی رقم ضرورت مندوں تک پہنچے گی۔

صدر ٹرمپ نے بھی دورے کے دوران 10 لاکھ ڈالر کے عطیے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ عطیے کی یہ رقم کس کے حوالے کی جائے گی۔ توقع ہے کہ عطیے کی رقم اُن کے ذاتی مالی وسائل سے فراہم کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG