رسائی کے لنکس

ہوائی میں میزائل حملے کا غلط انتباہ، لوگوں میں خوف و ہراس


امریکی ریاست ہوائی میں میزائل حملے کے انتباہی سائرن بجنے سے لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہو گیا لیکن گورنر ڈیوڈ ایج نے کہا ہے کہ ہفتہ کی صبح میزائل حملے کا انتباہی الارم غلطی سے بجایا گیا جو کہ 'کلی طور پر ناقابل قبول' ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے جزیرے کے باسیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اس صورتحال پر شدید برہم اور مایوس ہوئے۔

"آج وہ دن ہے جسے ہم میں سے اکثر کبھی نہیں بھول سکیں گے۔۔۔وہ دن جب ہماری برادری کی اکثریت نے یہ سوچا کہ ہمارا انتہائی ڈروانا خواب شاید سچ ہونے والا ہے۔"

صحافیوں نے ایج سے اصرار کرتے ہوئے بارہا پوچھا کہ ایسی غلطی کس طرح ہوئی تو گورنر کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ ہر وہ ممکن اقدام کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ غلطی دوبارہ نہ ہو۔

ہوائی میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ادارے کے عہدیدار ورن میاگی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ غلط پیغام جاری کرنے والے ذمہ دار شخص کو اپنی اس "خطرناک غلطی کا احساس ہے"۔

مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ انھیں میزائل حملے کا انتباہی پیغام، ٹیلی ویژن، ریڈیو، ای میلز اور موبائل فونز پر بھی موصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ "ہوائی کی طرف بیلسٹک میزائل آ رہا ہے، فوراً محفوظ مقام تلاش کریں، یہ کوئی مشق نہیں ہے۔"

انتباہی پیغام جاری ہونے اور الارم بجنے کے بعد ہوٹلوں میں مقیم افراد کو فوراً تہہ خانوں میں منتقل کر دیا گیا اور مقامی لوگ اپنے اپنے گھروں میں محفوظ ترین جگہوں کی تلاش میں مصروف ہو گئے۔

لیکن اس انتباہ کے 20 منٹ کے بعد ہی یہ حکام کو یہ معلوم ہو گیا کہ یہ پیغام ایک اہلکار کی طرف سے غلطی سے بٹن دب جانے کے باعث جاری ہوا۔

اُدھر امریکہ کے فیڈرل کمیونی کیشنز کمشن کے چیئرمین اجیت پائے نے کہا ہے کہ بظاہر ہوائی میں غلطی سے خطرے کے الارم بجنے سے بچنے کی خاطر مناسب استعداد موجود نہیں ہے اور حکومت کو مستقبل میں ایسی صورت حال سے بچنے کیلئے ہر صورت قدام اُٹھانا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG