بھارتی میڈیا رپورٹوں کے مطابق، امریکہ نے بھارت کو پاکستانی نژاد امریکی شہری، ڈیوڈ کولمین ہیڈلی سےپوچھ گچھ کی اجازت دے دی ہے۔ اِس حوالے سے بھارتی تفیش کاروں کا ایک چار رُکنی وفد اتوار کو امریکہ کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفد میں تین ارکان قومی تحقیقاتی ایجنسی سے ہوں گے، جب کہ ایک قانونی ماہر ہوگا۔ یہ وفد شکاگو جائے گا اور توقع ہے کہ اگلے ہفتے اُسے ہیڈلی سے پوچھ گچھ کا موقع ملے گا۔
اِس سلسلے میں بھارتی حکام نے امریکی محکمہٴ انصاف سے رابطہ قائم کیا تھا ،جِس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارتی وفد کے آنے پر تمام متعلقہ عہدے دار اور ہیڈلی کے وکیل موجود رہیں گے تاکہ ہیڈلی تک رسائی اور براہِ راست پوچھ گچھ کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔
بتایا جاتا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ بھارتی وفد کتنے دِن یا گھنٹے ہیڈلی سے پوچھ گچھ کر سکے گا۔
واضح رہے کہ ہیڈلی پر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں لشکرِ طیبہ کی مدد کرنے کا الزام ہے۔
شکاگو میں رہنے والا ہیڈلی یہ اعتراف کر چکا ہے کہ اُس نے حملوں سے قبل ممبئی جاکر اہداف کا جائزہ لیا تھا۔ یاد رہے کہ ہیڈلی کو گذشتہ سال اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مقبول ترین
1