رسائی کے لنکس

برطانیہ: اسکولوں میں ساؤنڈ پروف پناہ گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ


ہیتھرو ہوائی اڈا پروازوں کا شورکم کرنےکے لیے21 نزدیکی اسکولوں میں ساؤنڈ پروف گنبد نما پناہ گاہیں تعمیر کرنے کے لیے 18لاکھ پاؤنڈز کی رقم خرچ کرے گا ۔

ہیتھروہوائی اڈا مقامی آبادی کےاسکولوں کےبچوں کو پروازوں کے شورسے بچانے کے لیےکھیل کےمیدان میں ساؤنڈ پروف پناہ گاہیں تعمیرکرنےکےلیے اسکولوں کوخطیر رقم ادا کرے گا۔

برطانوی اخباردی گارڈین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیتھرو ہوائی اڈا پروازوں کا شورکم کرنےکے لیے 21 نزدیکی اسکولوں میں ساؤنڈ پروف گنبد نما پناہ گاہیں تعمیر کرنے کے لیے 18 لاکھ پاؤنڈز کی رقم خرچ کرے گا ۔

ساؤنڈ پروف پناہ گاہوں میں زمین سے 180میٹر بلندی پر تقریباً ہر 90 سکینڈ پرہیتھرو آنے والی پروازوں کا شورکم سنائی دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں منصوبے کے تحت ہر ایک اسکول کو 85 ہزار پاؤنڈز کی رقم مہیا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق، ایشیا اورافریقہ میں زلزلےاورہنگامی صورتحال کے لیے ڈیزائن کی جانے والی زلزلہ پروف پناہ گاہیں اب مغربی لندن کےان اسکولوں میں تعمیر کی جائیں گی جو ہیتھرو کےجنوبی رن وے کی پروازوں کے راستے میں آتے ہیں تاکہ پرائمری اسکولوں کی سرگرمیوں کو جہازوں کے شور سے محفوظ بنایا جاسکے۔

ہیتھرو ہوائی اڈا اسی سال اپریل میں ہنسلو(لندن) کے ایک پرائمری اسکول کے کھیل کے میدان میں چار بڑے گنبد نما پناہ گاہیں تعمیرکرنے کا کامیاب تجربہ کرچکا ہے۔ جہاں پروازوں کا شور 17 ڈیسیبل کم سنائی دیتا ہے۔
ریت اورمٹی کےگولےاورسفید پلاسٹرکی دیواروں کے ساتھ تعمیرکی جانے والی پناہ گاہوں میں کم از کم 30 بچوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے ۔

ایگلو شکل جیسی پناہ گاہیں ایک ایرانی ماہرتعمیرات نادر خلیل کی ڈیزائن کردہ ہیں جسے پہلی بارچاند پرممکنہ انسانی آبادی بسانےکےخیال سے سستی ٹیکنالوجی ،سستی رہائش کی ایک اسکیم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا ۔

ہیتھرو کے ایک ڈائریکٹر میٹ گورمین نے کہا کہ ’’ہم جانتے ہیں کہ،جہازوں کے شور سے مقامی آبادی پر کیا اثر پڑتا ہے لیکن شورکم کرنے کے حوالے سےکامیابی حاصل کرنے والی اسکیم سے اب مزید اسکول مستفید ہو سکیں گے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ ہیتھرو دنیا کا چوتھا بڑا ہوائی اڈا ہے جہاں اس کے پانچ ٹرمینل ایک روز میں1,288 پروازوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہازوں کا شورہیتھرو ہوائی اڈے کی توسیع کے منصوبے کے لیے سیاسی بحث کا موضوع بن چکا ہے بالخصوص جنوب مشرقی ہوائی اڈے کی توسیع کے سلسلے میں مزید رن وے تعمیر کرنے کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں جن کی تعمیر کے بعد ممکنہ طور پر مغربی لندن کے مزید علاقے پروازوں کے فضائی راستے کے زیر اثر آجائیں گے۔
XS
SM
MD
LG