رسائی کے لنکس

بھارت: جوناگڑھ میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی


ریاست مہاراشٹرا میں لینڈ سلائڈنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔
ریاست مہاراشٹرا میں لینڈ سلائڈنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

بھارت کی ریاست گجرات میں مون سون کی بارش کے نئے سلسلے نے تباہی مچا دی ہے اور کئی شہروں میں سیلاب کی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

ریاست گجرات کے ضلع جوناگڑھ میں ہفتے کو ہونے والی بارش کے بعد کئی مقامات پر سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور گاڑیاں ندی نالوں میں بہہ گئیں۔ موسلا دھار بارش نے ضلع میں نظامِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔

اسی طرح کی صورتِ حال نوساری ضلع میں بھی ہے جہاں بارش کے بعد سیلابی صورتِ حال ہے اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوزمیں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا اور ایک مقام پر متعدد بھینسیں پانی میں بہہ گئیں ہیں۔

جوناگڑھ ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

بھارت کے محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کو بھی گجرات، مہاراشٹرا اور گوا میں شدید بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 23 جولائی سے 26 جولائی کے درمیان ریاست مہاراشٹرا میں موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جب کہ ممبئی میں بھی آئندہ دو روز کے دوران تیز بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ریاست مہاراشٹرا کے لیے ایسے موقع پر مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جب وہاں لوگ پہلے ہی سیلاب سے ہونے والے نقصان سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مہاراشٹرا میں بدھ کی شب ہونے والی لینڈ سلائڈنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے اور اب بھی درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

گزشتہ چند روز قبل دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی طویل بارش نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا تھا۔ 10 جولائی کو ہونے والی بارش کے باعث دریائے جمنا میں طغیانی کی وجہ سے آس پاس کے نشیبی علاقے سیلاب میں غرق ہو گئے تھے جس کی وجہ سے 26 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG